بیجنگ (سب نیوز)وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں مواصلات کے نظام اور بجلی کی ترسیل کو ترجیحی بنیادوں پر بحال کیا جائے۔
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے ملک میں جاری مون سون بارشوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کے لیے بیجنگ سے اجلاس کی صدارت کی۔ وزیراعظم نے اپنی مصروفیات کچھ دیر کے لیے ترک کر کے این ڈی ایم اے اور دیگر اداروں کی تیاری و کارروائیوں پر تفصیلی بریفنگ لی۔وزیراعظم نے این ایچ اے اور وزارتِ توانائی کو ہدایت دی کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں مواصلات کے نظام اور بجلی کی ترسیل کو ترجیحی بنیادوں پر بحال کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی محفوظ مقامات پر منتقلی، ان کی فوری امداد اور متاثرہ انفراسٹرکچر کی بحالی کے لیے وفاقی و صوبائی حکومتیں اور تمام ادارے مکمل تعاون سے کام جاری رکھیں۔ وزیراعظم نے خصوصی طور پر پنجاب اور سندھ میں جاری صورتحال پر بحالی اور امدادی سرگرمیوں پر توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت دی۔
اجلاس میں وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا کہ دریائے راوی، چناب اور ستلج میں طغیانی کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے، بیراجوں اور ڈیمز کی ریگولیشن جاری ہے اور این ڈی ایم اے صوبائی حکومتوں اور ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کے ساتھ مکمل تعاون میں مصروف ہے۔بتایا گیا کہ دریائے چناب، راوی اور ستلج کے مختلف مقامات پر طغیانی کی وجہ سے پنجند کے مقام پر شدید سیلاب متوقع ہے، جو 6 ستمبر کی دوپہر تک گڈو بیراج پہنچ سکتا ہے۔ سندھ میں متوقع صورتحال کے پیش نظر این ڈی ایم اے سندھ حکومت کے ساتھ انتظامات کو حتمی شکل دے رہا ہے۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ریسکیو 1122، پاک فوج، رینجرز، غیر سرکاری تنظیمیں اور صوبائی ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز متاثرہ علاقوں میں مشترکہ امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ متاثرہ خاندانوں تک امدادی سامان کے قافلے تسلسل سے روانہ کیے جا رہے ہیں جبکہ بجلی کی ترسیل اور متاثرہ نظام کی بحالی کا کام بھی تیزی سے جاری ہے۔اجلاس میں وزیراعظم کو مزید آگاہ کیا گیا کہ این ڈی ایم اے چیئرمین صوبائی اداروں سے مسلسل رابطے میں ہیں اور لاپتہ شہریوں کی تلاش کے عمل کو بھی ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی اور وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ بیجنگ سے شریک تھے جبکہ چیئرمین این ڈی ایم اے اور دیگر اعلی افسران پاکستان سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شامل ہوئے۔
سیلاب متاثرہ علاقوں میں مواصلات کا نظام اور بجلی فوری بحال کی جائے، وزیراعظم کی ہدایت
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔