بیجنگ (سب نیوز ) 2025 شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں شریک وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے تھیانجن میں چائنا میڈیا گروپ کو ایک خصوصی انٹرویو دیا۔پیر کے روز چینی میڈیا کے مطابق انہوں نے شنگھائی تعاون تنظیم کی تھیانجن سمٹ سے شنگھائی اسپرٹ کو مزید روشن بنانے اور یوریشیا کے باہمی روابط کو آگے بڑھانے کی توقع ظاہر کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ وسطی ایشیاء اور جنوبی ایشیاء سمیت خطے کے ممالک کے مابین تعاون کی مضبوطی سے یوریشیا کے باہمی روابط کو آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔اس کے ساتھ ہی ، حالیہ سربراہی اجلاس شنگھائی اسپرٹ کو مزید روشن بنائے گا۔
انہوں نے کہا کہ صدر شی جن پھنگ کی صدارت سے سمٹ کو ضرور بہت سے ثمرات ملیں گے۔شنگھائی تعاون تنظیم کا رکن ملک اور چین کا قریبی دوست ہونے کے ناطے پاکستان اس سربراہی اجلاس کو کامیاب بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گا۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ صدر شی جن پھنگ ایک بہت ہی دور اندیش رہنما ہیں، انہوں نے نہ صرف چین کے معاشی منظر نامے کو تبدیل کیا ہے بلکہ وہ ترقی کے ثمرات سے دوسرے ممالک کو فائدہ پہنچانے اور زیادہ سے زیادہ لوگوں کو بنی نوع انسان کے ہم نصیب معاشرے میں شامل کرنے کے لئے بھی پرعزم ہیں۔