اسلام آباد:قومی احتساب بیورو (نیب) نے سونے کے لوٹے کی مبینہ تبدیلی پر انکوائری شروع کر دی ہے۔
اس حوالے سے نیب ہیڈکوارٹر اسلام آباد سے ڈائریکٹر جنرل نیب خیبرپختونخوا کو ایک باضابطہ نوٹس آف انکوائری جاری کیا گیا ہے۔
نوٹس کے مطابق میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ کرتارپور سے ملنے والا سونے کا لوٹا توشہ خانہ میں جمع کرانے کے بجائے (پیتل چڑھایا ہوا) لوٹا جمع کرایا گیا۔
نیب نے ہدایت دی ہے کہ اس معاملے پر 10 دن کے اندر ثبوت کے ساتھ تحریری جواب جمع کرایا جائے، بصورت دیگر نیب آرڈیننس کی دفعات 9 اور 10 کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر جواب نہ دیا گیا تو اس بدعنوانی پر باضابطہ انکوائری کا آغاز کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ توشہ خانہ کیسز گزشتہ کئی برسوں سے پاکستانی سیاست اور اداروں کے لیے بڑا چیلنج بنے ہوئے ہیں، جن میں قیمتی تحائف کی مبینہ خرد برد، فروخت یا متبادل اشیاء جمع کرانے کے الزامات شامل ہیں۔
اس سے قبل بھی مختلف اعلیٰ حکام اور سیاسی شخصیات پر اسی نوعیت کے کیسز بن چکے ہیں، اور کئی معاملات عدالتوں میں زیر سماعت ہیں۔