اسلام آباد (سب نیوز)ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی)نے پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ افراد کیلئے 3ملین (30لاکھ)ڈالر کی ہنگامی امداد کا اعلان کردیا ہے۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق اے ڈی بی کے صدر ماساتو کانڈا 3 روزہ دورے پر پاکستان میں موجود ہیں۔ صدر ماسا تو کانڈا نے لاہور میں دریائے راوی کا دورہ کیا اور فلڈ ریلیف کے لیے 30 لاکھ ڈالر کی ایمرجنسی گرانٹ دینے کا فیصلہ بھی کیا۔صدر اے ڈی بی نے کہا کہ پاکستان اس وقت ایک تباہ کن سیلاب کا سامنا کر رہا ہے جس نے ہزاروں خاندانوں اور برادریوں کو بے گھر کر دیا ہے۔انہوں نے مزید کہا ایسے وقت میں ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے اور جب بھی قدرتی آفات آتی ہیں ہم فوری مدد فراہم کرتے ہیں تاکہ متاثرہ کمیونٹیز باعزت طریقے سے دوبارہ اپنے پاں پر کھڑی ہو سکیں۔
اس دوران ماساتو کانڈا نے وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی جس میں سیلاب متاثرین سے اظہار ہمدردی کے ساتھ ساتھ پاکستان میں سرمایہ کاری، نجی شعبے کی شمولیت اور توانائی کے شعبے میں پاکستان کے اہم کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔بات چیت میں ٹرانسپورٹ، توانائی، شہری ترقی، تعلیم اور صحت جیسے شعبوں میں اے ڈی بی کی جاری سرمایہ کاری پر بھی گفتگو ہوئی۔ماساتو کانڈا نے پاکستان کی معاشی اصلاحات کو سراہا اور خاص طور پر ٹیکس وصولیوں میں بہتری اور کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیوں کی جانب سے پاکستان کی درجہ بندی میں بہتری کا ذکر کیا۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کا سیلاب متاثرین کے لیے 30لاکھ ڈالر کی ہنگامی امداد کا اعلان
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
