Monday, September 1, 2025
ہومکالم وبلاگزکالمزغربت کے خلاف چین کی کامیاب جنگ ۔آنکھوں دیکھا حال

غربت کے خلاف چین کی کامیاب جنگ ۔آنکھوں دیکھا حال

تحریر: اعتصام الحق

کچھ عرصہ قبل مجھے چین کے علاقے ننگشیا جانے کا موقع ملا ۔یہ علاقہ ایک قدیم تاریخ کا حامل علاقہ ہے جو پرانے وقتوں کے سلک روڈ کا ایک اہم پڑاؤ بھی ہے ۔ہمارے میزبانو ن نے ہمیں بتایا کہ جس طرح چین کے مختلف علاقوں میں غربت کے خاتمے کی کامیاب مثالیں ہیں ایسی ہی جس شہر میں آپ مقیم ہیں یہاں سے کچھ دور بھی ایک ایسا ہی ٹاؤن ہے جس نے غربت کے خلاف ایک طویل مگر کامیاب جنگ لڑی ہے ۔سو ہم نے ارادہ کیا اور اس ٹاؤن پہنچ گئے ۔2025 کے اگست کی اس شام جب میں اس علاقے میں اترا تو یقین نہیں کر سکتا تھا کہ میزبان جس علاقے کی بات کر رہے تھے وہ یہ علاقہ ہے۔

کیوں کہ میں جو کچھ دیکھ رہا تھا وہ جدید تعمیرات ،صاف ستھرا ماحول ،پکی سڑکیں ،نئی گاڑیاں اور ہر جانب خوشگوار چہرے تھے ۔پھر مجھے بتایا گیا کہ ایک زمانہ تھا جب ننگشیا ہوئی خود اختیار علاقے کے خطے ” شہی گو” کو دنیا کی مشکل ترین جگہ سمجھا جاتا تھا جہاں لوگوں کی زندگی بہت مشکل تھی۔ انیس سو اسی کی دہائی تک یہاں کے لوگوں کے لیے روزمرہ کی بنیادی ضروریات پوری کرنا مشکل تھا۔غربت کی وجہ سے لوگوں کے پاس رہنے کے لیے مناسب گھر بھی نہیں تھے۔
اس صورتحال کو بدلنے کے لیے انیس سو تراسی میں چین کی مرکزی حکومت نے تین مغربی خطوں کی تعمیر کا منصوبہ شروع کیا۔

اس منصوبے کے تحت ننگشیا کے شی ہائے گو خطے سے لوگوں نے ہجرت کی اور انہیں ان علاقوں میں منتقل کیا گیا جہاں پانی اور نقل و حمل کی سہولیات دستیاب تھیں۔ اس ہجرت کو ڈیاؤژوانگ نقل مکانی کا نام دیا گیا۔ اس سے نہ صرف پہاڑی علاقوں میں آبادی کے دباؤ میں کمی آئی بلکہ نقل مکانی کرنے والوں کے لیے بہتر زندگی کے مواقع بھی پیدا ہوئے۔

انیس سو چھیانوے میں مشرقی صوبے فوجیان کو ننگشیا کی مدد کے لیے منتخب کیا گیا۔ اس وقت کے فوجیان کے گورنر شی جن پھنگ نے اسے ایک اہم سیاسی ذمہ داری قرار دیا۔ دونوں صوبوں نے مل کر غربت کے خلاف کام کیا ۔
اپریل سنہ انیس سو ستانوے میں شی جن پھنگ نے پہلی بار ننگشیا کا دورہ کیا اور غربت کی صورتحال کا براہ راست مشاہدہ کیا۔ انہوں نے محسوس کیا کہ اصلاحات اور کھلے پن کے باوجود بھی ایسے غریب علاقے موجود ہیں جو ان کے دل پر گہرا اثر چھوڑ گیا۔ انہوں نے عزم کیا کہ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے فیصلوں کو لاگو کیا جائے گا اور فوجیان ننگشیا تعاون کو مضبوط بنایا جائے گا تاکہ نقل مکانی کرنے والے لوگ غربت سے نکل سکیں۔

اس تعاون کے نتیجے میں یوننگ ٹاؤن معرض وجود میں آیا جو ننگشیا کے شہر ا ینچوان کے جنوب میں واقع ہے۔ گزشتہ ستائیس سالوں میں فوجیان اور ننگشیا کے درمیان تعاون سے غربت کے خاتمے، ہنر کی تربیت، صنعتوں کی ترقی اور تعلیمی و طبی سہولیات کے شعبے میں بہت کام ہوا۔ یوننگ ٹاؤن میں اسی سے زائد کاروباری ادارے قائم ہوئے، تینتالیس کمپنیوں نے سرمایہ کاری کی اور زراعت، سیاحت، تجارت اور نقل و حمل جیسی صنعتوں کو فروغ ملا۔
یوننگ ٹاؤن کو کئی قومی اعزازات سے نوازا گیا جن میں غربت مٹانے کا ماڈل، قومیتی اتحاد کی مثال اور سماجی ترقی کی بہترین مثال شامل ہیں۔ اس تعاون نے ایک منفرد یوننگ ماڈل پیدا کیا جسے پورے ملک میں قابل تقلید مثال کے طور پر پیش کیا جاتا ہے۔
سنہ دو ہزار سولہ میں شی جن پھنگ نے یوننگ کا دورہ کیا اور کہا کہ یہ جگہ غربت کے خاتمے کی ایک قیمتی مثال ہے جسے پورے ملک میں پھیلانا چاہیے۔

سنہ دو ہزار اکیس میں غربت کے خاتمے کی قومی تقریب میں انہوں نے کہا کہ پارٹی اچھی ہے، زرد دریا کا پانی میٹھا ہے اور پہاڑ خوشبودار ہیں۔
اس ٹاؤن کی ایک کاؤنٹی من ننگ میں ایک ای کامرس شاپ جانے کا بھی موقع ملا جہاں کام کرنے والی صرف خواتین تھیں۔ان خواتین کی رہائش یہاں سے کچھ دور تھی اور یہ روز یہاں اس دفتر میں پیدل چل کر آتی ہیں۔اس ای کامرس شاپ کی خاص بات یہ ہے کہ یہاں اسی علاقے کی سوغات کو بین الاقوامی معیار کے مطابق کاشت کیا جاتا ہے،انہیں پیک کیا جاتا ہے اور پھر یہیں سے انہیں مختلف آن لائن پلئٹ فارمز پر فروخت کیا جاتا ہے۔ریٹیل شاپ،پیکجنگ،آن لائن میزبان لاجسٹکس کا عملہ ،سارا کا سارا خواتین پر مشتمل ہے اور یہ خواتین اس قدر پیشہ وارانہ انداز میں مسکراہٹوں کے ساتھ کام کر رہی تھیں کہ انہیں دیکھ کر ایک نیا حوصلہ مل رہا تھا ۔چین میں ای کامرس کے ذریعے کئی علاقوں اور افراد نے بہت تیزی سے ترقی کی ہے اور یہ علاقہ ان میں سے ایک ہے۔یہاں شہر سے کئی کلو میٹر دور زندگی کی رفتار شہروں جیسی ہے اور اس کی وجہ نئے رجحان اور بدلتی ہوئی ضروریات زندگی کی طلب کا پورا ہونا ہے۔

یوننگ کی کہانی فوجیان اور ننگشیا کے تعاون کی ایک شاندار مثال ہے جس نے غربت کو شکست دی، لوگوں کی زندگی بدلی اور ایک روشن مستقبل کی بنیاد رکھی۔ چین کے غربت کے خلاف کام نے نہ صرف کروڑوں لوگوں کی زندگیاں بہتر کی ہیں بلکہ یہ انسانی تاریخ میں ایک روشن باب بھی ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔