Monday, September 1, 2025
ہومشوبزٹک ٹاکر ثنا یوسف کے قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آگئی

ٹک ٹاکر ثنا یوسف کے قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آگئی

اسلام آباد (آئی پی ایس) ٹک ٹاکر ثنا یوسف کے قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آگئی، پراسکیوشن کی جانب سے مقدمے کے چالان کی اسکروٹنی مکمل ہوگئی، چالان میں عمر حیات کو ہی ٹک ٹاکر ثنا یوسف کا قاتل قرار دیا گیا ہے۔

اسکروٹنی مکمل ہونے پر چالان ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد کو بھیج دیا گیا ہے، موسم گرما کی تعطیلات ختم ہونے پر کیس کا باقاعدہ ٹرائل شروع ہوگا۔

پراسکیوشن کی جانب سے مقدمے میں 31 گواہان کو شامل کیا گیا ہے۔

ثنا یوسف کی فیملی، ڈاکٹر، پولیس اہلکار سمیت دیگر گواہان کی فہرست میں شامل ہیں۔
اسکروٹنی ٹیم نے ایک ماہ سے زائد عرصے تک چالان کی اسکروٹنی کی، چالان میں عمر حیات کو ہی ثناء یوسف کا قاتل قرار دیا گیا۔ملزم عمر حیات مجسٹریٹ کے سامنے قتل کا اعتراف بھی کر چکا۔

واضح رہے کہ 2 جون کو اسلام آباد میں 17 سالہ سوشل میڈیا انفلوئنسر ثنا یوسف کو ان کے گھر میں گولی مار کر قتل کردیا گیا تھا، پولیس نے نامعلوم ملزم کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا تھا۔

مقدمہ مقتولہ کی والدہ فرزانہ یوسف کی مدعیت میں سمبل پولیس اسٹیشن میں پاکستان پینل کوڈ (پی پی سی) کی دفعہ 302 (ارادی قتل) کے تحت درج کیا گیا تھا، بعد ازاں تکینیکی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے عمر حیات نامی ملزم کو گرفتار کرلیا تھا۔

17 سالہ ٹک ٹاکر اپنی سوشل میڈیا سرگرمیوں کے لیے مشہور تھیں، ان کے ٹک ٹاک اکاؤنٹ پر تقریباً 8 لاکھ فالوورز اور انسٹاگرام اکاؤنٹ پر تقریباً 5 لاکھ فالوورز تھے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔