Friday, October 24, 2025
ہومپاکستانوزیراعظم نے سیکڑوں انسانی جانیں بچانے والے گلگت بلتستان کے ہیروز کو اسلام آباد بلالیا

وزیراعظم نے سیکڑوں انسانی جانیں بچانے والے گلگت بلتستان کے ہیروز کو اسلام آباد بلالیا

اسلام آباد (سب نیوز)وزیرِ اعظم شہباز شریف نے 300 انسانی جانیں بچانے والے گلگت بلتستان کے ہیروز وصیت خان، انصار اور محمد خان کو ملاقات کے لیے اسلام آباد مدعو کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان میں مقامی آبادیوں کو گلیشئر پھٹنے کی پیشگی اطلاع دینے اور سینکڑوں جانیں بچانے کے اقدام کے اعتراف میں وصیت خان، انصار اور محمد خان کو وزیرِ اعظم خصوصی انعام سے نوازیں گے۔اپنے ایک بیان میں وزیرِ اعظم نے کہا کہ وصیت خان، انصار اور محمد خان قوم کے ہیرو ہیں، محمد خان، انصار اور وصیت خان نے فرض شناسی کی اعلی مثال قائم کی۔شہباز شریف نے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم کو گلگت بلتستان کے ان ہیروز پر فخر ہے۔واضح رہے کہ تینوں چرواہوں وصیت خان، انصار اور محمد خان کو وزیرِاعظم شہباز شریف کی ہدایت پر اسلام آباد آنے کی دعوت دی گئی ہے تاہم فلائٹ منسوخ ہونے کی وجہ سے چرواہے اتوار کو اسلام آباد نہیں پہنچ سکے۔ فلائٹ منسوخ ہونے کے بعد تینوں چرواہے بذریعہ سڑک اسلام آباد روانہ ہوئے۔

واقعے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے محمد خان نے بتایا کہ وہ دھماکے کی آواز سے جاگے اور سب سے پہلے بچوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا۔ بعد ازاں جان کی پرواہ کیے بغیر لوگوں کو خبردار کیا، جس کے باعث سیکڑوں افراد کی زندگیاں بچ گئیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر پاک فوج بروقت ریسکیو نہ کرتی تو وہ اور دیگر 5 افراد زندہ نہ بچ پاتے۔واضح رہے کہ چند روز قبل غذر کے علاقے تلی داس میں رات گئے اچانک گلیشیئر پھٹنے سے شدید سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی تھی، جس کے نتیجے میں متعدد دیہات زیرآب آگئے اور درجنوں افراد پھنس گئے تھے تاہم بہادر چرواہے محمد خان نے بروقت اطلاع دے کر لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا اور کئی قیمتی جانیں بچ گئی تھیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔