Wednesday, October 22, 2025
ہومبریکنگ نیوزاسلام آباد میں غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف سی ڈی اے کا گرینڈ آپریشن

اسلام آباد میں غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف سی ڈی اے کا گرینڈ آپریشن

اسلام آباد:(سب نیوز ) وزیراعظم پاکستان اور وفاقی وزیر داخلہ کی ہدایت پر وفاقی دارالحکومت میں غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے سی ڈی اے نے گرینڈ آپریشن شروع کر دیا۔ اس آپریشن کی براہ راست نگرانی چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا خود کر رہے ہیں۔

سی ڈی اے اور ضلعی انتظامیہ کی مشترکہ ٹیموں نے اسلام آباد پولیس کی معاونت سے شہر کے مختلف علاقوں میں بلا تفریق انسداد تجاوزات کارروائیاں کیں۔

گرینڈ آپریشن کے دوران 26 نمبر چونگی سے ٹیکسلا تک جی ٹی روڈ کے دونوں اطراف، ٹی چوک تا روات، سید پور ویلج، لہتڑار روڈ اور دیگر مقامات پر بھرپور کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔ جی ٹی روڈ پر 16 کلومیٹر طویل علاقے کو تجاوزات سے پاک کیا گیا جس میں 95 فیصد سے زائد رقبہ واگزار کروایا گیا۔

کارروائی کے دوران 578 غیر قانونی ڈھانچوں کو بھاری مشینری سے مسمار کر کے سرکاری زمین واگزار کرائی گئی جبکہ کارِ سرکار میں مداخلت پر 113 افراد کو حراست میں لے کر قانونی کارروائی کا آغاز کیا گیا۔

ٹی چوک تا روات 6 کلومیٹر طویل سڑک پر بھی آپریشن کیا گیا جہاں 191 غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کو ختم کر کے سرکاری زمین واگزار کرائی گئی۔

سید پور ماڈل ویلج میں 370 کنال سرکاری اراضی میں سے 210 کنال سے زائد رقبہ قابضین سے واگزار کرایا گیا۔ چیئرمین سی ڈی اے کے مطابق سید پور کی اپ گریڈیشن اور تجاوزات سے پاکی کے بعد شہریوں کو بہترین سیاحتی مقام میسر آئے گا۔

لہتڑار روڈ پر بھی 24 کلومیٹر طویل سڑک کے دونوں اطراف غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کا مکمل خاتمہ کر دیا گیا۔ اسی طرح ترامڑی چوک تا بنک اسٹاپ اور علی پور سے ملحقہ 3 کلومیٹر سڑک کو بھی کلیئر کروا دیا گیا، جہاں 227 غیر قانونی تعمیرات مسمار کر کے سرکاری زمین واگزار کروائی گئی۔

چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ ان کارروائیوں کا مقصد اسلام آباد کو غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات سے مکمل طور پر پاک رکھنا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ آپریشن آئندہ بھی تسلسل کے ساتھ جاری رہے گا اور دوبارہ تجاوزات کے مکمل تدارک کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

چیئرمین نے مزید کہا کہ واگزار کرائی گئی اراضی پر ماحول دوست شجرکاری اور باڑ لگائی جائے گی تاکہ شہر کی خوبصورتی اور منظم منصوبہ بندی کو یقینی بنایا جا سکے۔

سی ڈی اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ انسداد تجاوزات مہم میں اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور کسی بھی غیر قانونی قبضے کی صورت میں متعلقہ حکام کو فوری اطلاع دیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔