Wednesday, October 22, 2025
ہومبریکنگ نیوزوزیر خارجہ اسحاق ڈار 13 سال بعد بنگلہ دیش کے پہلے سرکاری دورے پر ڈھاکا روانہ

وزیر خارجہ اسحاق ڈار 13 سال بعد بنگلہ دیش کے پہلے سرکاری دورے پر ڈھاکا روانہ

اسلام آباد(آئی پی ایس) نائب وزیرِاعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار ہفتے کے روز دو روزہ سرکاری دورے پر ڈھاکا روانہ ہوگئے، جو بنگلہ دیش کا کسی پاکستانی وزیرِ خارجہ کی جانب سے 13 برسوں بعد پہلا سرکاری دورہ ہے۔


گزشتہ برس اگست میں عوامی تحریک کے نتیجے میں شیخ حسینہ واجد کی حکومت کے خاتمے کے بعد سے اسلام آباد اور ڈھاکا کے تعلقات میں بہتری آئی ہے، اور تجارت و دو طرفہ تعلقات میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔
دفتر خارجہ (ایف او) نے کہا کہ اسحاق ڈار آج بنگلہ دیش کے تاریخی دورے پر راولپنڈی کے نور خان ایئربیس سے ڈھاکا کے لیے روانہ ہوئے، ڈھاکا میں وہ بنگلہ دیشی رہنماؤں سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔


ایف او نے واضح کیا کہ یہ دورہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات میں ایک اہم سنگِ میل ہے، کیوں کہ کوئی پاکستانی وزیرِ خارجہ تقریباً 13 برس بعد بنگلہ دیش کا دورہ کر رہا ہے۔
آخری بار پاکستان کی وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے نومبر 2012 میں 6 گھنٹے کا مختصر دورہ کیا تھا، تاکہ اس وقت کی وزیرِاعظم شیخ حسینہ کو اسلام آباد میں ہونے والے ایک سربراہی اجلاس میں شرکت کی باضابطہ دعوت دی جا سکے۔

دفترِ خارجہ کے مطابق اپنے دورے کے دوران، اسحٰق ڈار بنگلہ دیشی رہنماؤں بشمول چیف ایڈوائزر محمد یونس اور خارجہ امور کے مشیر توحید حسین سے ملاقات کریں گے، ان ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کے علاوہ متعدد علاقائی و عالمی امور پر بھی بات چیت ہوگی۔
بنگلہ دیشی خبر رساں ادارے بی ایس ایس کے مطابق یہ ملاقاتیں کل متوقع ہیں۔
بنگلہ دیش کی وزارتِ خارجہ کے ایک سینیئر اہلکار نے ’بی ایس ایس‘ کو بتایا کہ دورے کے دوران تجارت، ثقافت، میڈیا، تربیت اور سفر کے شعبوں میں تعلقات مضبوط بنانے کے لیے 4 سے 5 یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط ہونے کا امکان ہے۔


اسحاق ڈار کا یہ دورہ وفاقی وزیر برائے تجارت جام کمال خان کے سرکاری دورہ ڈھاکا کے بعد ہو رہا ہے، جہاں انہوں نے بنگلہ دیش کے مشیروں برائے تجارت و صنعت سے ملاقات کی تھی۔


وزارتِ تجارت کے مطابق، اسلام آباد اور ڈھاکا تجارتی تعلقات کو بڑھانے اور تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے ایک مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے کے عمل میں ہیں۔


دونوں ممالک نے فروری میں براہِ راست سرکاری سطح پر 50 ہزار ٹن چاول کی درآمد کے ذریعے تجارت شروع کی تھی، جب کہ فلائی جناح کو بھی کراچی سے ڈھاکا کے لیے پروازیں چلانے کی منظوری مل گئی ہے۔
سفارتی تعلقات 15 برس بعد اپریل میں اُس وقت بحال ہوئے تھے، جب سیکریٹری خارجہ آمنہ بلوچ دونوں ممالک کے دفترِ خارجہ کی مشاورت (ایف او سی) کے لیے ڈھاکا پہنچی تھیں۔


گزشتہ ماہ، جب وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے ڈھاکا کا دورہ کیا، تو پاکستان اور بنگلہ دیش نے ایک دوسرے کے سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ رکھنے والے افراد کو ویزا فری داخلے کی سہولت دینے پر اتفاق کیا تھا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔