اسلام آباد (سب نیوز)برطانوی وزیراعظم سرکیئر اسٹارمر نے پاکستان کی حالیہ مون سون بارشوں اور سیلاب میں جانی نقصان پر افسوس کا اظہار اور دلی تعزیت کی اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
تفصیلات کے مطابق برطانوی وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر نے پاکستان میں حالیہ مون سون و سیلابی صورتحال کے پیش نظر ہونے والے جانی و مالی نقصان پر وزیراعظم محمد شہباز شریف کے نام خط لکھا ہے۔انہوں نے خط میں لکھا کہ وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور پاکستانی عوام سے جانی نقصان پر دلی تعزیت کرتا ہوں۔ برطانوی حکومت اور عوام کی طرف سے پاکستان میں ہونے والے حالیہ مون سون کے پیش نظر افسوسناک صورتحال اور بڑے پیمانے پر تباہی پر گہرے دکھ کا اظہار کرتا ہوں۔
خط میں برطانوی وزیراعظم نے کہا کہ میری دلی ہمدردیاں تمام متاثرین کے ساتھ ہیں۔ برطانیہ میں مقیم پاکستان سے تعلق رکھنے والے بہت سے خاندانوں کے لیے یہ صورتحال قابل تشویش ہے۔ان کا کہنا تھا کہ تمام برطانوی عوام پاکستانی عوام کے ساتھ اس مشکل وقت میں اظہار یکجہتی کرتی ہے۔ اس صورتحال میں ایمرجنسی رسپانس اور رضاکار جو انتہائی نامسائد حالات میں لوگوں کی مدد کر رہے ہیں ان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
برطانوی وزیراعظم نے لکھا کہ یہ امر باعث اطمینان ہے کہ اس موقع پر برطانوی حکومت نے پاکستان کی مدد کی ہے اور آئندہ بھی بحالی اور تعمیر نو کے کاموں میں برطانوی حکومت پاکستان کی ہر ممکن مدد کرنے کے لیے تیار ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کو برطانوی ہم منصب کا خط، سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے ہر ممکن مدد کی یقین دہانی
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔