Friday, September 5, 2025
ہومپاکستانکراچی، مختلف علاقوں میں آج بھی موسلا دھار بارش جاری، ناقص نکاسی آب کی وجہ سے اربن فلڈنگ کا خطرہ

کراچی، مختلف علاقوں میں آج بھی موسلا دھار بارش جاری، ناقص نکاسی آب کی وجہ سے اربن فلڈنگ کا خطرہ

کراچی (سب نیوز) مختلف علاقوں میں آج بھی موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے جب کہ ناقص نکاسی آب کی وجہ سے اربن فلڈنگ کا خطرہ برقرار ہے۔
کراچی کے علاقوں بہادرآباد، پی ای سی ایچ ایس ،جمشید روڈ، ٹیپو سلطان روڈ، شاہ فیصل کالونی، ملیر ہالٹ، گارڈن سمیت دیگر علاقوں تیز ہواوں کے ساتھ موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔این ڈی ایم اے کے ایمرجنسیز آپریشن سینٹرنے کہا کہ اگلے 12-24 گھنٹوں میں کراچی، حیدرآباد، ٹھٹہ، بدین، میرپورخاص، سکھر اور ملحقہ علاقوں میں انتہائی موسلادھار بارشیں متوقع ہے۔بیان کے مطابق مختصر وقت میں 50 سے 100 ملی میٹر سے زائد بارش ہو سکتی ہے، کراچی، حیدرآباد، سکھر اور میرپورخاص میں شدید بارشوں اور ناقص نکاسی آب کی وجہ سے شہری سیلاب برقرار رہنے کا خطرہ ہے۔
اس کے علاوہ ٹھٹہ، بدین، جامشورو اور دادو کے اضلاع میں اچانک سیلاب کا خطرہ ہے، دریائے سندھ اور اس کی معاون ندیوں میں پانی کی سطح بڑھنے سے نچلے علاقوں میں طغیانی کا بھی خدشہ ہے۔مرکزی شاہراہوں اور مقامی سڑکوں کے زیرِ آب آنے سے آمدورفت متاثر رہنے کا امکان ہے، بجلی اور ٹیلی کمیونیکیشن سروسز میں تعطل کا دورانیہ بڑھ سکتا ہے، سیلاب کے خطرے سے دوچار علاقوں کے رہائشی قیمتی اشیا اور مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کریں۔
ہنگامی سامان (کھانا، پانی، ادویات، فرسٹ ایڈ کٹ)تیار رکھیں، برقی آلات کو استعمال کرتے وقت احتیاط برتیں، زیرآب سڑکوں اور بجلی کے کھمبوں سے دور رہیں۔ڈپٹی ڈائریکٹر پاکستان میٹرولوجیکل ڈپارٹمنٹ انجم نذیر ضیغم کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج دن 2 بجے کے بعد بارش کا سلسلہ شروع ہو سکتا ہے، آج دوپہر شروع ہونے والا بارش کا سلسلہ شام 7 بجے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔انجم نذیرضیغم کا کہنا ہے کہ سندھ میں بارش کا سلسلہ 23 اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے، کلاڈ برسٹ پہاڑی علاقوں میں ہوتا ہے۔
کراچی میں گزشتہ روز ہونے والی بارش کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں معمولات زندگی مفلوج ہیں جب کہ اب تک کئی علاقوں میں 24 گھنٹے بعد بھی بجلی کی فراہمی معطل ہے اور شہر کی کئی سڑکوں پر تاحال پانی جمع ہے۔کراچی میں گزشتہ روز ہونے والی بارش کے باعث شہر کا انفراسٹرکچر بری طرح متاثر ہے، کورنگی چار نمبر کے قریب ریڈ بس گڑھے میں پھنس گئی، سڑک پر حالیہ دنوں میں کھدائی کی گئی تھی۔
لیاقت آباد ڈاک خانہ سے سندھ ہوٹل جانے والی سڑک پر گڑھے پڑ گئے، دھنسنے والی سڑک پر راہگیروں کو خبردار کرنے کے لیے ڈسٹ بن رکھ دیے گئے، ڈاک خانہ سے تین ہٹی جانے والی سڑک کی بحالی کا کام تاحال شروع نہیں ہو سکا۔گزشتہ روز دھنسنے والی سڑک اب بھی ناقابلِ استعمال ہے، ناظم آباد چورنگی انڈر پاس سے نکاسی آب ممکن نہ ہو سکی، سرسید کالج سے متصل انڈر پاس کے دونوں ٹریک تاحال ناقابلِ استعمال ہے۔
ادھر گلستان جوہر بلاک 18 کی رہائشی عمارت کے مکین فلیٹس میں محصور ہوگئے، بارش کا پانی رہائشی عمارت میں جمع ہوگیا، مکین عارضی سیڑھیاں لگا کر فلیٹس سے نکلنے پر مجبور ہوگئے۔کورنگی اور کازوے ندی میں پانی زیادہ مقدار میں آگیا، کورنگی کراسنگ ندی، قیوم آباد جانب کورنگی کراسنگ آنے جانے والے دونوں روڈ ٹریفک کے لیے بند ہیں۔ ٹریفک کو قیوم آباد چورنگی سے بلوچ کالونی کی طرف اور سی این جی کٹ سے گودام چورنگی کی طرف بھیج رہے ہیں۔ای بی ایم کازوے روڈ کازوے ندی، محمود آباد جانب کورنگی آنے جانے والے دونوں روڈ ٹریفک کے لیے بند ہیں، ٹریفک کو محمود آباد سے ایکسپریس وے جانب قیوم آباد کی طرف اور گودام چورنگی سے آنے والی کو قیوم آباد و شان چورنگی کی طرف بھیج رہے ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔