Monday, September 8, 2025
ہومپاکستانخیبرپختونخوا میں بارشوں سے 377افراد جاں بحق، 355گھر تباہ، بونیر میں 228ہلاکتیں، پی ڈی ایم اے

خیبرپختونخوا میں بارشوں سے 377افراد جاں بحق، 355گھر تباہ، بونیر میں 228ہلاکتیں، پی ڈی ایم اے

پشاور(سب نیوز)پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں حالیہ بارشوں، فلش فلڈنگ و دیگر حادثات میں 377 افراد جاں بحق اور 182 افراد زخمی ہوچکے ہیں، 355 گھر مکمل تباہ ہوگئے اور 1022 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا، صرف بونیر میں 228 افراد جاں بحق ہوئے۔
پی ڈی ایم اے نے خیبرپختونخوا میں بارشوں، سیلابی ریلے، لینڈ سلائیڈنگ اور دیگر حادثات میں جانی نقصان اور املاک کی تباہی پر مبنی رپورٹ جاری کردی۔پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق جاں بحق ہوئے 377 افراد میں 294 مرد، 50 خواتین اور 33 بچے شامل جبکہ زخمیوں میں 145 مرد، 27 خواتین اور 10 بچے شامل ہے، سیلاب میں سب سے زیادہ متاثرہ ضلع بونیر میں اب تک مجموعی طور پر 228 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث اب تک 1377 گھر وں کو نقصان پہنچا جس میں 1022 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا اور 355 گھر مکمل منہدم ہوگئے۔
یہ حادثات صوبے کے مختلف اضلاع سوات، بونیر، باجوڑ، مانسہرہ، شانگلہ، دیر لوئر اور بٹگرام، صوابی میں پیش آئے۔ متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کو امدادی سرگرمیاں تیز کرنے اور متاثرین کو فوری معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کردی گئی۔ترجمان کے مطابق پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے، عوام کسی بھی نا خوشگوار واقعے کی اطلاع ، موسمی صورتحال سے آگائی اور معلومات کے لیے فری ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کریں۔
وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق این ڈی ایم اے کی خیبر پختونخوا کے سیلاب متاثرہ علاقوں کے لیے امدادی سامان کی ترسیل جاری ہے، آج صبح باجوڑ اور مانسہرہ کے لیے دو الگ الگ امدادی کھیپ روانہ کی گئیں جن میں خیمے، کمبل، 7KVA جنریٹر، ڈی واٹرنگ پمپس، راشن بیگز اور ادویات شامل ہیں۔ امدادی سامان سیلاب متاثرین میں تقسیم کے لیے متعلقہ ضلعی انتظامیہ کے حوالے کیا جائے گا۔ این ڈی ایم اے، مسلح افواج اور فلاحی اداروں کے تعاون سے خیبر پختونخواہ اور گلگت بلتستان کے لیے امدادی سامان روانہ کر رہا ہے، این ڈی ایم اے تمام متعلقہ سول اور عسکری اداروں کے ساتھ مکمل رابطے میں ہے۔ این ڈی ایم اے تمام متعلقہ اداروں کی جانب سے جاری امدادی کاروائیوں کی ہمہ وقت نگرانی کر رہا ہے۔مشیر صحت احتشام علی نے سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں جاری محکمہ صحت کی کارروائیوں، میڈیکل کیمپس اور متعدی بیماریوں کی نگرانی کا ڈیٹا جاری کردیا، سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں 32 میڈیکل کیمپس قائم ہیں جن میں 6939 مریضوں کا معائنہ کیا گیا۔
مشیر صحت احتشام علی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 33842 مریضوں کا علاج کیا گیا، 5 اموات رپورٹ ہوئیں، اب تک 81244 مریضوں کا علاج کیا جاچکا ہے، 322 اموات صحت مراکز سے رپورٹ ہوئیں۔مشیر صحت کے مطابق سیلاب زدہ اضلاع میں اے آر آئی، خارش اور اسہال کے کیسز میں اضافہ ہوا ہے، گزشتہ روز 270 کیسز ایکیوٹ ڈائریا، 244 کیسز سانس کی بیماری کے رپورٹ ہوئے، خارش کے 85 کیسز، خون آلود اسہال کے 4 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، سیلاب زدہ علاقوں میں ملیریا کے 8 نئے کیسز، کتوں کے کاٹنے کے 6 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔مشیر صحت احتشام علی نے کہا ہے کہ محکمہ صحت نے 10 دن کے لیے اضافی طبی عملہ تعینات کردیا ہے، مزید بادل پھٹنے اور سیلاب کی پیش گوئی، امدادی سرگرمیاں متاثر ہونے کا خدشہ ہے، محکمہ صحت اور شراکت دار اداروں کے درمیان مثر رابطے کیلئے ضلعی سطح پر ہیلتھ کلسٹر فعال کردیا گیا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔