واشنگٹن(سب نیوز )وائٹ ہا ئو س کے تجارتی مشیر پیٹر ناوارو نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے روسی خام تیل کی خریداری سے ماسکو کو یوکرین جنگ کے لیے فنڈنگ مل رہی ہے اور اسے بند کرنا ضروری ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق وائٹ ہاس کے تجارتی مشیر پیٹر ناوارو نے اپنی ایک رائے میں لکھا کہ نئی دہلی اب روس اور چین دونوں کے قریب جا رہا ہے، یہ مضمون فنانشل ٹائمز میں شائع ہوا۔
انہوں نے لکھا کہ اگر بھارت چاہتا ہے کہ اس کے ساتھ امریکا کے اسٹریٹجک پارٹنر کے طور پر سلوک کرنا چاہتا ہے، تو اسے اسی طرح کا برتا ئو کرنا ہوگا۔تجارتی مشیر پیٹر ناوارو نے لکھا کہ بھارت عالمی سطح پر روسی تیل کا کلیئرنگ ہا ئو س بن گیا ہے اور پابندی والے خام تیل کو زیادہ قیمت والی برآمدات میں تبدیل کر رہا ہے، جبکہ ماسکو کو وہ ڈالرز فراہم کر رہا ہے، جن کی اسے ضرورت ہے۔ انہوں نے یہ بھی لکھا کہ بھارت کے روس اور چین کے ساتھ قریبی تعلقات اس بات کو خطرناک بناتے ہیں کہ امریکا کی جدید فوجی صلاحیتیں بھارت کو منتقل کی جائیں۔