Monday, September 8, 2025
ہومبریکنگ نیوزچیئر مین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت اعلی سطح اجلاس ،اسلام آباد میں ڈیجیٹل پارکنگ، ڈیجیٹل اسٹریمرزسالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے امور پر گفتگو

چیئر مین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت اعلی سطح اجلاس ،اسلام آباد میں ڈیجیٹل پارکنگ، ڈیجیٹل اسٹریمرزسالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے امور پر گفتگو

اسلام آباد(آئی پی ایس )چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس پیر کے روز سی ڈی اے ہیڈ کوارٹرز میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سی ڈی اے کے ممبر ایڈمن و اسٹیٹ طلعت محمود گوندل، ممبر فنانس طاہر نعیم، ممبر انوائرمنٹ اسفند یار بلوچ، ڈائریکٹر جنرل انوائرمنٹ، چیف آفیسر ایم سی آئی اور ڈائریکٹر ڈی ایم اے نے شرکت کی۔ اجلاس میں اسلام آباد میں ڈیجیٹل پارکنگ، ڈیجیٹل اسٹریمرز، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور اسلام آباد کو خوبصورت بنانے کیلئے جا مع پلان پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ڈائریکٹر ڈی ایم اے نے چیئرمین سی ڈی اے کو بریفننگ دیتے ہوئے بتایا کہ شہر کے مختلف چھوٹے روٹس پر 260 ڈیجیٹل اسٹریمرز اور 4 ایس ایم ڈیز کی نیلامی کا عمل کامیابی سے مکمل کیا جاچکا ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ نیلامی کے عمل اور قواعد و ضوابط کی تکمیل کے بعد اب ڈیجیٹل اسٹریمرز اور ایس ایم ڈیز کی تنصیب کا عمل جاری ہے اور توقع ہے کہ مزید ڈیجیٹل سٹریمرز آئندہ ماہ سے فعال ہو جائیں گے۔ ڈیجیٹل پارکنگ پر پیش رفت کے حوالے سے بریفننگ دیتے ہوئے ڈائریکٹر ڈی ایم اے نے اجلاس کو بتایا کہ ڈیجیٹل پارکنگ کے پائلٹ منصوبے پر عملی کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ابتدائی طور پر ماڈل پارکنگ سائٹ تیار کی جا رہی ہے

ایم ٹیگ ٹیکنالوجی کو ون لنک کے ساتھ منسلک کیا جائے گا تاکہ شہریوں کو جدید اور سہل پارکنگ کی سہولت فراہم کی جاسکے۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ پائلٹ منصوبے کی کامیابی کے بعد اس نظام کو مرحلہ وار اسلام آباد کے دیگر پارکنگ مقامات پر بھی متعارف کرایا جائے گا۔ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے حوالے سے بریفننگ دیتے ہوئے اجلاس کو بتایا گیا کہ بڈنگ کاغذات مکمل کرلئے گئے ہیں اور جلد ہی اشتہار اخبارات میں شائع کر دئیے جائیں گے۔چیئرمین سی ڈی اے نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام منصوبوں پر بروقت اور معیاری عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو جدید سہولیات فراہم کی جاسکیں اور اسلام آباد میں شہری سہولیات کو مزید بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ مثالی شہربنایاجاسکے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔