پشاور(آئی پی ایس) خیبر پختونخوا میں حالیہ شدید بارشوں اور سیلاب کے بعد پاک فوج کا فلڈ ریلیف آپریشن بونیر، سوات، شانگلہ اور باجوڑ میں چوتھے روز بھی جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بیشتر متاثرہ علاقوں میں آج صبح سے بارش کا سلسلہ جاری رہنے کے باوجود ریسکیو اور ریلیف سرگرمیاں تیز رفتاری سے جاری ہیں۔ پاک فوج کے ہیلی کاپٹرز کے ذریعے سیلاب زدگان کو راشن اور دیگر ضروری سامان فراہم کیا جا رہا ہے جبکہ متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل بھی کیا جا رہا ہے۔
کور آف انجینئرز کے دستے راستوں کی بحالی اور ملبہ ہٹانے میں مصروف ہیں، جبکہ اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم (USAR) متاثرہ علاقوں میں زخمیوں اور جاں بحق افراد کو تلاش کرنے کا کام کر رہی ہے۔
پاک فوج کے ڈاکٹرز بھی سیلاب زدہ علاقوں میں میڈیکل کیمپس قائم کرکے متاثرہ مریضوں کو مفت علاج فراہم کر رہے ہیں۔
ترجمان پاک فوج نے واضح کیا ہے کہ تمام متاثرہ افراد کو بحفاظت ریسکیو کرنے اور محفوظ مقامات پر منتقل کرنے تک ریلیف آپریشن جاری رہے گا۔