اسلام آباد (سب نیوز)وزیراعظم کی ہدایت پر سیلاب متاثرہ علاقوں میں اضافی امدادی سامان کی ترسیل کیلئے وفاقی وزرا کو ٹاسک سونپ دیا گیا۔وفاقی وزرا خیبر پختونخوا کے متاثرہ اضلاع میں ریلیف آپریشنز میں حصہ لیں گے، وفاقی وزیر امیر مقام ضلع شانگلہ میں امدادی سامان کی تقسیم کی نگرانی کریں گے جبکہ وفاقی وزیر پاور ڈویژن اویس لغاری کو ضلع بونیر کی ذمہ داری سونپ دی گئی۔
وفاقی وزیر سردار یوسف ضلع مانسہرہ میں امدادی سامان کی تقسیم کی نگرانی کریں گے، معاون خصوصی مبارک زیب ضلع باجوڑ میں امدادی سامان کی تقسیم کے معاملات دیکھیں گے۔گزشتہ روز بھی وفاقی وزیر امور کشمیر امیر مقام سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں رہے، وفاقی وزیر نے امدادی سرگرمیوں کی نگرانی اور امدادی سامان کی ترسیل کا جائزہ لیا۔وزیراعظم کی ہدایت ہر این ڈی ایم اے سیلاب متاثرہ اضلاع میں ریلیف آپریشن میں مصروف ہے، پاک فوج سمیت دیگر تمام ادارے اور این جی اوز بھی ریلیف کاموں میں حصہ لے رہی ہیں۔وزیراعظم خیبرپختونخوا میں این ڈی ایم اے کی امدادی کارروائیوں کی نگرانی خود کررہے ہیں، وزیراعظم ریلیف پیکج کے تحت امدادی سامان پر مشتمل مزید ٹرک متاثرہ اضلاع بھیجے جارہے ہیں۔ امدادی سامان میں راشن، خیمے اور ادویات شامل،سامان ضلعی انتظامیہ کے حوالے کیا جارہا ہے۔