پشاور (آئی پی ایس )خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت قومی سانحے میں آگے آکر خیبر پختونخوا حکومت کی مدد کرے، صوبائی حکومت کے پاس جتنے وسائل ہیں وہ متاثرین کے لئے استعمال میں لا رہی ہے۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ پاک فوج ہمارے ساتھ مکمل تعاون کررہی ہے ۔پہاڑی مقامات پر راستے بنانے ، سڑکیں کھولنے اور پل بنانے میں اس کے جوان مصروف ہیں ،آرمی نے صوبائی حکومت کو پانچ ہیلی کاپٹر بھی دیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم اور وزیر اعلی پنجاب نے بھی تعاون کا یقین دلایا ہے۔ قدرتی آفت پر نہ کسی نے سیاست کی اور نہ ہم کوئی سیاسی بات کریں گے، پوری قوم کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس سانحے میں خیبر پختونخوا کے عوام کی مدد کریں۔
دوسری جانب ڈی جی ریسکیو کا کہنا ہے کہ سیلاب والے علاقوں میں 60 خصوصی سنٹر بنائے ہیں، امدادی سرگرمیوں میں 3 دنوں میں 5210 افراد کو زندہ بچایا ہے، اہلکاروں پر مشتمل ایلیٹ ریسکیو یونٹ قائم کرکے بونیر بھجوا دئے ہیں جو وہاں بیک اپ کے طور پر کام کریں گے۔