Sunday, September 7, 2025
ہومبریکنگ نیوزفرق نہیں پڑتا حکومت کون کر رہا ہے، ملکی ترقی ضروری ہے، اسپیکر قومی اسمبلی

فرق نہیں پڑتا حکومت کون کر رہا ہے، ملکی ترقی ضروری ہے، اسپیکر قومی اسمبلی

اسلام آباد (سب نیوز )اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ اس بات سے فرق نہیں پڑتا کہ حکومت کون کر رہا ہے، ملک کی ترقی ضروری ہے۔ڈان نیوز کے مطابق لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہمارے آبا اجداد جرمن اور جاپانی مصنوعات استعمال کرتے رہے، اب وقت بدل گیا ہے اور ہمارے استعمال کی چیزیں بھی بدل گئی ہیں، عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا ہے کہ پاکستان درست سمت پر ہے۔

ایاز صادق نے کہا کہ ہم 78 سالوں سے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں، اب وقت آگیا ہے کہ اس سے آگے بڑھیں، پاکستانی معیشت پر کوئی پریشر نہیں، ہم شرح سود میں کمی کر کے 20 سے 11 فیصد تک لے آئے ہیں۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ بھارت نے فتنہ الخوارج کو سپورٹ کیا اور پاکستان نے اس کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، ہم نے پہلگام واقعہ کی مذمت کی اور قومی اسمبلی میں قرارداد بھی منظور کی، اللہ نے ہمیں موقع دیا اور سفارتی محاذ پر یہ جنگ جیتی، جانتے ہیں انڈیا کے اور بھی منصوبے ہیں لیکن ہم تیار ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے بھارت کے 6 طیارے گرائے لیکن وہ ہمارا ایک بھی طیارہ نہیں گرا سکا، ہم بھارت کے مزید طیارے بھی گرا سکتے تھے لیکن ہم نے تحمل سے کام لیا، پہلگام واقعہ کے بعد پاکستان سفارتی محاذ پر مزید مضبوط ہوکر دنیا میں ابھرا، چین کے طیارے اچھے ہیں لیکن انہیں استعمال کرنے کی مہارت ہونی چاہئیے۔

ایاز صادق کا مزید کہنا تھا کہ جشن آزادی پر جو جذبات ہیں ان کا لفظوں میں اظہار ناممکن ہے، معرکہ حق پر دنیا نے پوچھا کہ اپنے سے دس گنا بڑے ملک کو کیسے شکست دی، اپنے 25 سالہ کیرئیر میں پاکستان کو سفارتی محاذ پر اس سطح پر پہلے نہیں دیکھا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔