اسلام آباد(سب نیوز) زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ (زیڈ ٹی بی ایل )ہیڈ آفس میں پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی کے موقع پر ایک شاندار اور پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر بینک کے صدر/سی ای او جناب طاہر یعقوب بھٹی اور ائیر مارشل(ریٹائرڈ)ارشد ملک بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے۔تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور قومی ترانے سے ہوا، جس کے بعد پرچم کشائی کی پرعزم تقریب منعقد ہوئی۔
صدر/سی ای او جناب طاہر یعقوب بھٹی اور ائیر مارشل (ریٹائرڈ)ارشد ملک نے مل کر قومی پرچم بلند کیا، جو آزادی، اتحاد اور قربانی کی علامت ہے۔ بعد ازاں شجر کاری مہم کے تحت یادگاری پودا لگایا گیا تاکہ ماحول دوست اقدامات کے فروغ اور ایک سرسبز پاکستان کے عزم کا اظہار کیا جا سکے۔تقریب کا ایک پرمسرت لمحہ کیک کاٹنے کی تقریب تھی، جس میں مہمانِ خصوصی اور صدر/سی ای او نے بچوں کے ساتھ مل کر یومِ آزادی کا کیک کاٹا۔ اس موقع پر بچوں اور شرکا میں کیک تقسیم کیا گیا، جس سے خوشی، محبت اور اتحاد کا ماحول مزید پروان چڑھا۔
اس تقریب میں شرکا نے ائیر مارشل (ریٹائرڈ)ارشد ملک سے مختلف موضوعات پر سوالات کیے، جن کے انہوں نے نہایت تسلی بخش اور مدلل جوابات دیے۔ صدر/سی ای او جناب طاہر یعقوب بھٹی نے اپنے خطاب میں کہا: یومِ آزادی ہمارے اس عزم کی یاد دہانی ہے کہ ہم اپنے ملک کو ایک مضبوط، خود کفیل اور خوشحال پاکستان بنانے کے لیے ہر ممکن کردار ادا کریں گے۔تقریب کا اختتام قومی خدمت، ماحول دوستی اور عوامی رابطے کے عزم کی تجدید کے ساتھ ہوا، اور شرکا نے پاکستان کی خوشحالی اور ترقی کے لیے متحد رہنے کا عزم کیا۔