اسلام آباد (سب نیوز)وزارت داخلہ نے پروف آف رجسٹریشن کارڈ ہولڈر غیر ملکیوں کی واپسی کے حوالے سے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے پی او آر ہولڈر افغان شہریوں کو واپس بھیجنے کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
وزارت داخلہ کے نوٹیفکیشن کے مطابق پی او آر کارڈ ہولڈرز کی رضاکارانہ واپسی کا عمل فوری طور پر شروع کر دیا جائے گا، واپسی کا عمل یکم ستمبر سے شروع ہوگا، یہ فیصلہ سیکیورٹی خدشات اور وسائل پر بڑھتے ہوئے دبا کو مدِنظر رکھتے ہوئے اعلی سطح اجلاس میں کیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق نادرا بارڈر ٹرمینلز پر واپس جانے والوں کی رجسٹریشن ختم کرے گا، ایف آئی اے نامزد بارڈر کراسنگ پوائنٹس پر سہولت فراہم کرے گا۔
نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ جلا وطن افراد کے لیے ٹرانزٹ ایریاز اور مالی معاونت کا بندوبست کیا جائے، وطن واپسی کی روزانہ پیشرفت کی نگرانی فارن نیشنل سیکیورٹی ڈیش بورڈ کرے گا۔
خیال رہے کہ پاکستان میں افغان مہاجرین کی واپسی کی مہم 2023 میں شروع کی گئی تھی، جسے رواں سال اپریل میں دوبارہ تیز کیا گیا۔ اس دوران حکومت نے لاکھوں افغان باشندوں کے رہائشی اجازت نامے منسوخ کر دیے اور وارننگ دی کہ مقررہ مدت کے بعد رہنے والے افراد کو گرفتار کیا جائے گا۔اب تک 10 لاکھ سے زائد افغان باشندے پاکستان چھوڑ چکے ہیں، جن میں سے 2 لاکھ صرف اپریل 2025 کے بعد واپس گئے ہیں۔
افغان شہریوں کی واپسی کے حوالے سے وزارت داخلہ کا بڑا فیصلہ،نوٹیفکیشن جاری
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔