Tuesday, September 9, 2025
ہومبریکنگ نیوزپارلیمنٹ ہاؤس پر بھاری نفری تعینات، قیدی وینز اور اینٹی رائٹ دستے پہنچ گئے، اہم گرفتاریاں متوقع

پارلیمنٹ ہاؤس پر بھاری نفری تعینات، قیدی وینز اور اینٹی رائٹ دستے پہنچ گئے، اہم گرفتاریاں متوقع

اسلام آباد:وفاقی دارالحکومت میں پارلیمنٹ ہاؤس کا مرکزی دروازہ بند کردیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اہم افراد کی گرفتاری کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج قومی اسمبلی کے اجلاس میں پی ٹی آئی کی جانب سے احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ اس دوران قومی اسمبلی میں یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے ایک قرارداد بھی منظور کی گئی۔
پی ٹی آئی کے ارکان نے قومی اسمبلی میں خطاب کے بعد اڈیالہ جیل جانے کا فیصلہ کیا تھا۔ دورانِ اجلاس اپوزیشن ارکان نے خطاب بھی کیا اور پی ٹی آئی کے ساتھ ناروا سلوک کی شکایات کے ساتھ ساتھ بات کا موقع نہ ملنے کی شکایت بھی کی، جس پر اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ وزیر امور کشمیر کی مسئلہ کشمیر پر قرارداد سن لیں۔
پی ٹی آئی رکن عامر ڈوگر نے کہا کہ آپ نے ہمارے اراکین کو 10، 10 سال سزا دے دی، اگر سب کو باہر پھینک دیا تو یہ کہاں کا ایوان رہ گیا، 10 اراکین اس ایوان سے اٹھائے گئے آپ نے ایکشن نہیں لیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ یہ بتائیں میں نے پروڈکشن آرڈر جاری کیا یا نہیں۔
اسمبلی اجلاس کے بعد اپوزیشن اتحاد کے سربراہ محمود خان اچکزائی، سلمان اکرم راجا اور لطیف کھوسہ اڈیالہ جیل کے لیے روانہ ہو گئے جہاں پی ٹی آئی ارکان کی جانب سے احتجاج کیا جانا تھا جب کہ باقی ارکان پارلیمنٹ ہاؤس ہی میں موجود ہیں۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے کچھ ارکان نے اڈیالہ جیل نہ جانے کا مشورہ بھی دیا۔
اسی صورت حال کے دوران ذرائع کے مطابق پارلیمنٹ ہاؤس کا مین گیٹ چین اور تالا لگا کر بند کر دیا گیا ہے اور پولیس کی بھاری نفری پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر موجود ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے اراکین کی گرفتاری کا امکان ہے۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر ایف سی اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے جب کہ پولیس کی قیدی وینز اور اینٹی رائٹ دستے بھی پارلیمنٹ کے باہر پہنچا دیے گئے ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔