اسلام آباد (سب نیوز)نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق 26 جون سے لے کر اب تک ملک کے مختلف علاقوں میں آنے والے سیلاب اور طوفانی بارشوں میں 299 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
اعداد و شمار کے مطابق مجموعی طور پر 299 افراد ہلاک ہوئے ہیں جن میں 140 بچے، 102 مرد اور 57 خواتین شامل ہیں۔ اسی طرح 715 زخمیوں میں 239 بچے جبکہ 204 خواتین اور 272 مرد شامل ہیں۔رپورٹ کے مطابق 26 جون کے بعد سے سیلاب اور طوفانی بارشوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے جس سے متاثرہ علاقوں میں کل 1676 مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔ ان میں سے 562 گھر مکمل طور پر تباہ ہو گئے جبکہ 1114 کو جزوی نقصان پہنچا۔شدید موسم کی وجہ سے 428 مویشیوں کا نقصان بھی ہوا جس سے مقامی کمیونٹیز پر منفی اثرات مرتب ہوئے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے 223 ریسکیو آپریشن کیے ہیں اور سیلاب زدہ علاقوں سے 2880 افراد کو کامیابی کے ساتھ نکالا گیا ہے۔متاثرہ کمیونٹیز کی مدد کے لیے اتھارٹی نے 13466 امدادی اشیا بھی متاثرہ علاقوں میں تقسیم کی ہیں، ان میں 1999 خیمے، 61 راشن کے تھیلے، 958 کمبل، 569 لحاف، 613 گدے، 1282 کچن سیٹ، 1163 فوڈ پیک، 350 لائف جیکٹس، 1122 حفظان صحت کے گھریلو کٹس اور دیگر ضروری شامل بھی شامل ہے۔ ملک بھر میں 71 میڈیکل کیمپ قائم کیے ہیں جن میں اب تک 577 افراد کا علاج کیا جا گیا ہے۔این ڈی ایم اے کے مطابق بحران نے متعدد علاقوں کو متاثر کیا ہے اور صوبائی اور وفاقی اداروں کے تعاون سے مشترکہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
دوسری طرف پی ڈی ایم اے پنجاب نے مون سون بارشوں کے چھٹے اسپیل کے بارے میں الرٹ جاری کر دیا۔ترجمان پی ڈی ایم اے نے کہا کہ مون سون سسٹم کے ساتھ کل سے مغربی ہوائیں بھی شامل ہو جائیں گی، 04 سے 07 اگست کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مون سون بارشوں کی پیشگوئی ہے۔اس دوران مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاوالدین، گجرات، گجرانوالہ، حافظ آباد میں بارش کی پیشگوئی ہے، لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، ساہیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، خوشاب، سرگودھا، میانوالی، ننکانہ صاحب، چنیوٹ، فیصل آباد، اور اوکاڑہ میں بارش کی پیشگوئی ہے۔ترجمان پی ڈی ایم اے نے کہا کہ 6 اگست ڈیرہ غازی خان، بھکر، بہاولپور، خانیوال، وہاڑی، لودھراں، اور راجن پور میں بارشوں کی پیشگوئی ہے، 5 سے 7 اگست کے دوران مری، گلیات، راولپنڈی اور پنجاب کے شمال مشرقی اضلاع میں فلیش فلڈنگ کا خدشہ ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے صوبہ بھر کے کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی۔
پی ڈی ایم اے نے کہا کہ لاہور، راولپنڈی، گجرانوالہ اور سیالکوٹ میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے، شدید بارشوں کے باعث بڑے دریاں سے ملحقہ ندی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔پی ڈی ایم اے پنجاب نے سول ڈیفنس، ریسکیو و متعلقہ اداروں کو پیشگی انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے، وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات کے پیش نظرمتعلقہ محکموں کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔ڈی جی عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ ایمرجنسی کنٹرول رومز میں سٹاف کو الرٹ رکھا جائے، ریسکیو 1122 کی ڈیزاسٹر رسپانس ٹیموں کو بھی ہائی الرٹ رکھا جائے، عوام جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔پی ڈی ایم اے پنجاب نے کہا کہ شدید بارشوں کے باعث مری و گلیات میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے، بارشوں کے باعث کچے مکانات مخدوش عمارتوں کو نقصان کا خدشہ ہے، مسافر اور سیاح موسمی صورتحال کے پیش نظر محتاط رہیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔اربن و فلیش فلڈنگ کی صورت میں محفوظ مقامات پر رہیں گاڑی ہرگز بہتے ہوئے پانی سے کراس نہ کریں، ایمرجنسی کی صورت میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔