Thursday, September 11, 2025
ہومپاکستاننواز شریف وفاق اور پنجاب کے بعض وزرا اور مشیروں کی کارکردگی سے ناخوش، تبدیلیوں کا امکان

نواز شریف وفاق اور پنجاب کے بعض وزرا اور مشیروں کی کارکردگی سے ناخوش، تبدیلیوں کا امکان

اسلام آباد (سب نیوز)پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف وفاق اور پنجاب حکومتوں کے بعض وزرا، مشیروں اور معاونین کی کارکردگی سے ناخوش ہیں۔
ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کیصدر نواز شریف وفاق اور پنجاب دونوں حکومتوں کے بعض وزرا، معاونین اور مشیروں کی کارکردگی سے ناخوش ہیں اور ان کی کارکردگی جانچنے کی ہدایت کی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ دنوں مری میں نواز شریف کی پارٹی رہنماوں بالخصوص وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلی مریم نواز سے میٹنگز ہوئی تھیں، جس میں یہ معاملہ زیر بحث آیا تھا۔
ذرائع کے مطابق اس موقع پر نواز شریف نے کچھ وزرا کے نام لے کر ان کی کارکردگی پر سوالات اٹھائے تھے، بالخصوص پنجاب حکومت کے چند وزرا کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا تھا۔ذرائع کا یہ بھی کہنا تھا کہ نواز شریف نے دوٹوک انداز میں کہا کہ کارکردگی نہ دکھانے والے وزرا اور مشیروں کو فارغ کر کے فعال لوگوں کو آگے لایا جائے۔
ذرائع نے بتایا کہ نواز شریف کی ہدایت کے بعد وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلی مریم نواز اپنے اپنے وزرا کی کارکردگی کا جائزہ لیں گے۔ اگر ان کی کارکردگی بہتر نہ ہوئی تو محکموں کی تبدیلی اور کابینہ سے بے دخلی بھی ہو سکتی ہے۔ذرائع نے بتایا ہے کہ کابینہ میں نئے چہرے بھی شامل کیے جائیں گے۔ دوسری جانب ریڈار میں آنے والے وزرا اور مشیروں نے کارروائی سے بچنے کے لیے سفارشیں ڈھونڈنا شروع کر دی ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔