Thursday, September 11, 2025
ہومپاکستانایف بی آر نے رواں مالی سال کے پہلے ہی ماہ مقرر کردہ ہدف حاصل کرلیا

ایف بی آر نے رواں مالی سال کے پہلے ہی ماہ مقرر کردہ ہدف حاصل کرلیا

اسلام آباد(سب نیوز) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)نے رواں مالی سال مالی سال 2025-2026 کے آغاز میں ہی اہم کامیابی حاصل کرلی۔
تفصیلات کے مطابق ایف بی آر نے رواں مالی سال کے پہلے ماہ جولائی 2025 کے لیے مقررہ 748 ارب روپے کی ٹیکس وصولیوں کا ہدف حاصل کرلیا۔رواں مالی سال کے پہلے ماہ حاصل ہونیوالی ٹیکس وصولیاں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 89 ارب روپے اضافی ہیں جبکہ جولائی 2024 میں 659 ارب روپے کا ریونیو اکٹھا کیا گیا تھا۔ایف بی آر حکام کے مطابق جولائی 2024 کا مقررہ ہدف 657 ارب روپے بھی مکمل کیا تھا، رواں مالی سال کے بجٹ میں 400 ارب روپے سے زائد کے نئے ٹیکس اقدامات متعارف کرائے گئے تھے۔ جس کا مقصد مالیاتی نظم و ضبط کو بہتر بنانا اور ٹیکس نیٹ کو وسعت دینا تھا۔
ذرائع کے مطابق ایف بی آر کے نئے اقدامات کے نتیجے میں جولائی کے دوران ایف بی آر کی کارکردگی نمایاں طور پر بہتر رہی، جولائی 2025 میں ایف بی آر نے انکم ٹیکس کی مد میں 323 ارب روپے، سیلز ٹیکس سے 352 ارب روپے، کسٹمز ڈیوٹی سے 113 ارب روپے اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی سے 46 ارب روپے وصول کیے۔حکومت نے مالی سال 2025-2026 کے لیے مجموعی طور پر 14.131 کھرب روپے کا سالانہ محصولات ہدف مقرر کیا ہے۔ اس ہدف کے حصول کے لیے ایف بی آر کو ہر ماہ بہترین کارکردگی دکھانا ہوگی۔ایف بی آر کے مطابق اس کامیابی کا سہرا بہتر نگرانی کے نظام، ڈیجیٹل ٹولز کے استعمال، ٹیکس نیٹ کے پھیلا واور سخت تعمیلی اقدامات کو جاتا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔