Monday, September 8, 2025
ہوماسلام آبادچیئرمین سی ڈی اے کی زیر صدارت کیش لیس اکانومی کے نفاذ کیلئے اعلی سطحی اجلاس ،کیو آر کوڈ کے ذریعے ادائیگیوں کا آغاز کرنے کا فیصلہ

چیئرمین سی ڈی اے کی زیر صدارت کیش لیس اکانومی کے نفاذ کیلئے اعلی سطحی اجلاس ،کیو آر کوڈ کے ذریعے ادائیگیوں کا آغاز کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد(سب نیوز)سی ڈی اے کا ایک اہم اجلاس چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت منعقد ہوا ۔ اجلاس میں سی ڈی اے کے بورڈ ممبران اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں سی ڈی اے میں ہر سطح پر کیش لیس نظام کے عملی نفاذ کو یقینی بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں ڈیجیٹل ادائیگیوں خصوصا سی ڈی اے کے مختلف شعبہ جات میں کیش لیس نظام متعارف کرواتے ہوئے کیو آر کوڈ کے زریعے کیش لیس نظام کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا تاکہ شہری باآسانی سی ڈی اے کی مختلف سروسز جن میں جائیداد ٹیکس، پانی کے بل، زمین کی منتقلی، پارکنگ فیس شامل ہیں کی ادائیگی کیش لیس نظام کے تحت کر سکیں ۔

چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ کیش لیس نظام نہ صرف شفافیت کو فروغ دے گا بلکہ عوامی سہولیات کی فراہمی کو تیز تر اور موثر بنانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کو ڈیجیٹل دارالحکومت بنانے کے لیے سی ڈی اے ہر ممکن اقدام اٹھائے گا۔ اجلاس میں سی ڈی اے دفاتر اور سہولت مراکز پر کیو آر کوڈ کے ذریعے ادائیگیوں کا آغاز کیا جائے گا ۔اس کے علاوہ بینکوں سے شراکت کے ذریعے آن لائن پورٹل اور موبائل ایپلیکیشنز کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ اس کے علاوہ سی ڈی اے عملے کی تربیت اور شہریوں کے لیے آگاہی مہم کا آغاز کیا جائے گا۔اس کے علاوہ پارکنگ ایریاز میں پائلٹ پروجیکٹ کا آغاز کیا جائے گا۔ ابتدائی طور پر ان شعبہ جات میں آغاز ہوگا جہاں عوامی آمد و رفت زیادہ ہے۔

اجلاس کے اختتام پر چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نیتمام متعلقہ شعبہ جات کو ہدایت کی کہ سی ڈی اے میں ڈیجیٹل اور کیش لیس نظام کے تحت سی ڈی اے کی مختلف سروسز کی ادائیگی کے لیے شہریوں کو جدید اور آن لائن سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ ان کے مسائل کے حل کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔