اسلام آباد(سب نیوز)پیس فل اسمبلی اینڈ پبلک آرڈر ایکٹ کے تحت درج مقدمات میں پہلی سزا سنادی گئی۔
تحریک انصاف کے 12 کارکنوں کو 26 نومبر احتجاج کے کیس میں 6،6 ماہ قید کی سزا سنادی گئی۔ ایک ملزم بری ہوگیا۔ اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس نے محفوظ فیصلہ سنایا۔
تحریک انصاف کے جن ارکان کو سزائیں سنائی گئیں ان کے نام یہ ہیں،اعجاز حسین،دانش،عیسی،اسحٰق،شہباب غیر حاضر تھے،ملزمان کے خلاف تھانہ ترنول اور رمنا میں مقدمات درج تھے۔ سزائیں جوڈیشل مجسٹریٹ مریدعباس اور جوڈیشل مجسٹریٹ احمد شہزاد نے سنائیں۔
یہ مقدمہ 26 نومبر کو اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے احتجاج کے بعد درج کیا گیا تھا، جس میں متعدد کارکنان کو حراست میں لیا گیا تھا۔ عدالت نے شواہد اور دلائل کی روشنی میں 12 افراد کو قصوروار ٹھہراتے ہوئے سزا سنائی، جب کہ ایک ملزم کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کر دیا۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے 26 نومبر کو وفاقی دارالحکومت میں احتجاج کا اعلان کیا تھا، جسے ضلعی انتظامیہ نے غیرقانونی قرار دے دیا تھا۔ اس کے باوجود مظاہرین جمع ہوئے، جس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے گرفتاریاں کی تھیں۔
ذرائع کے مطابق، سزا پانے والے کارکنوں کے وکلا فیصلے کو اعلیٰ عدالت میں چیلنج کرنے پر غور کر رہے ہیں۔