اسلام آباد(آئی پی ایس) ایم کیو ایم پاکستان کے مرکزی رہنما اور بین الصوبائی تنظیمی کمیٹی کے جوائنٹ انچارج زاہد ملک نے پارٹی کے خیبرپختونخوا کے سیکریٹری اطلاعات فضل ہادی کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
زاہد ملک نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر فضل ہادی کے قاتلوں کو گرفتار کرائیں اور اس المناک واقعے کا نوٹس لیں۔ انہوں نے کہا کہ فضل ہادی ایک محب وطن، عوامی خدمت گزار اور اچھے انسان تھے جنہیں دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا۔
زاہد ملک کا کہنا تھا کہ 24 گھنٹے گزرنے کے باوجود قاتلوں کی گرفتاری میں کوئی پیش رفت نہ ہونا خیبرپختونخوا حکومت کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ اگر قاتلوں کو جلد گرفتار نہ کیا گیا تو ایم کیو ایم احتجاج کا راستہ اختیار کرے گی۔
واضح رہے کہ فضل ہادی کو گزشتہ روز پشاور میں اُس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ اپنے بیٹے اور ملازم کے ہمراہ موٹرسائیکل پر گھر جا رہے تھے۔ فائرنگ کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی شہید ہو گئے جبکہ ان کا بیٹا اور ملازم معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔
ایم کیو ایم رہنما فضل ہادی کے قتل پر شدید ردعمل، قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔