اسلام آباد(سب نیوز)چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جسمیں سی ڈی اے بورڈ کے ممبران، متعلقہ ڈائریکٹر جنرلز اور دیگر سنئیر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں سی ڈی اے کی مجموعی کارکردگی، ترقیاتی منصوبوں پر اب تک ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ اسلام آباد کی تعمیر و ترقی خصوصا مختلف سیکٹرز اور شاہرات پر ترقیاتی کاموں کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے۔ ان منصوبوں میں سڑکوں کی تعمیر و ترقی، سیوریج اور نکاسی آب کے نظام کی بہتری کے ساتھ انفراسٹرکچر کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ اسلام آباد کے شہریوں کی رہائشی سہولیات کی بہتری کے ساتھ ساتھ ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت، معیار اور اعلی کوالٹی کے سٹینڈرڈ پر کوئی سمجھوتہ کئے بغیر مقررہ مدت کے اندر مکمل کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے کے تمام ترقیاتی منصوبوں کی مانیٹرنگ کا نظام مزید مثر بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ بلیو ایریا میں سی ڈی اے کے پارکنگ پلازہ کو فعال بنانے کے ساتھ ساتھ میلوڈی فوڈ اسٹریٹ کی بحالی اور بلیو ایریا میں فوڈ کورٹ کے قیام کیلئے کاوشوں کو تیز کیا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ترقیاتی کاموں کی پیشرفت کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے گا تاکہ متعلقہ مسائل کو فوری حل نکالتے ہوئے بروقت ترقیاتی منصوبے مکمل کیے جاسکیں۔