اسلام آباد (آئی پی ایس )مسلم لیگ (ن) کے سینیٹرعرفان صدیقی نے کہا ہے کہ آئے دن قانون یہ کہہ کر ختم کردیا جاتا ہے کہ یہ آئین سے متصادم ہے، مخصوص نشستوں کے فیصلے پر بہت سے سوالات پیدا ہوئے ہیں، عدلیہ آئین سے متصادم فیصلہ کرے تو کون ٹھیک کرے گا،
ہم غلطی کرتے ہیں تو عدلیہ اصلاح کردیتی ہے، جج کوئی پیغمبروں کا قبیلہ نہیں، مخصوص نشستوں کے فیصلے میں متعدد غلطیاں ہوئی ہیں۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ بغیر کسی سیاسی تفرقہ بازی کے اس کا جواب تلاش کیا جائے، ملک کی سب سے بڑی عدالت کو آئین کے تحت ہی کام کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ مخصوص نشستوں کے فیصلے کو دو ماہ ہوگئے،
ہماری اپیلیں سماعت کے لیے نہیں لگ رہیں، ہم نے آئین کی پاسداری کا حلف اٹھایا ہے، آپ نے بھی اٹھایا ہے۔ عرفان صدیقی نے کہا کہ عدالتی فیصلے سے مسئلہ حل ہونے کے بجائے پیچیدہ ہوگیا ہے، 4 مارشل لا لگے، کسی ایک مارشل لا کے سامنے ہماری عدلیہ کھڑی نہیں ہوئی۔