اسلام آباد (سب نیوز )عاصمہ جہانگیر لیگل ایڈ سیل 27 اور 28 اپریل 2024 کو پانچویں عاصمہ جہانگیر کانفرنس کی میزبانی کرے گا۔ عاصمہ جہانگیر کانفرنس دو روز جاری رہے گی، اس کا عنوان پیپلز مینڈیٹ: جنوبی ایشیا میں شہری حقوق کا تحفظ ہے یہ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن اور پاکستان بار کونسل کے اشتراک سے منعقد کی جا رہی ہے عاصمہ جہانگیر کانفرنس خطے میں شہری اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔ افتتاحی تقریب میں وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، پاکستان کے سپریم کورٹ اور ہائی کورٹس کے ججز اور یورپ، برطانیہ اور ناروے کے سفرا شرکت کریں گے۔
کانفرنس میں نمایاں سیاست دان بھی شریک ہوں گے. جن میں یوسف رضا گیلانی، شاہد خاقان عباسی، عبدالمالک بلوچ، اختر مینگل، بیرسٹر سید علی ظفر، فاروق نائیک، نفیسہ شاہ، شہلا رضا، خرم دستگیر، بابا جان، تاج حیدر، فرحت اللہ بابر، ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، عائشہ صدیقہ رضا فاروق، راحیلہ درانی، ثریا بی بی اور ثمر بلورتقریب سے خطاب کریں گے۔ سری لنکا سپریم کورٹ کے سابق جج اور سری لنکا کے انسانی حقوق کمیشن کے چیئرمین جسٹس دہدنیا ،سپریم کورٹ آف انڈیا کے سابق جج جسٹس مرکنڈے کاٹجو ، ڈنمارک کی ہائی کورٹ کے سابق جسٹس فریڈرک ویج ،سابق جج اٹارنی جنرل عرفان قادر، جسٹس (ریٹائرڈ) ناصرہ اقبال،سابق صدر سندھ ہائی کورٹ ایسوسی ایشن صلاح الدین احمد، اور دیگر شرکا پورے جنوبی ایشیا اور مشرق وسطی میں قانونی مسائل پر بات کریں گے۔
سیاسی اور سماجی تجزیہ کارمائیکل کوگلمن (امریکہ)، محبوبہ سراج (افغانستان) اور روشمی گوسوامی اور سیدہ حمید (انڈیا) سے پ جنوبی ایشیا کے مختلف ممالک میں میں ہونے والے حالیہ انتخابات کے بارے میں کانفرنس سے خطاب کریں گے ۔غزہ کی موجودہ صورت حال اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی پر فرانسسکا البانیز ، مقبوضہ فلسطینی علاقوں پر اقوام متحدہ کی خصوصی نمائندہ، فلسطینی انسانی حقوق کی تنظیم الحق کے شوان جبرین، بیت لحم، فلسطین میں ایوینجلیکل لوتھرن چرچ کے پادری ریورنڈ منتھر اور انسانی حقوق اور بین الاقوامی یکجہتی سے متعلق اقوام متحدہ کی خصوصی نمائندہ سیسیلیا بیلیٹ اظہار خیال کریں گے۔
عالمی مایہ ناز شخصیات ہیومن رائٹس واچ کی ایشیا ڈویژن کی ایسوسی ایٹ ڈائریکٹر پیٹریشیا گوسمین ، سابق ممبر یورپی پارلیمنٹ جون کوشنہن ، خواتین اور لڑکیوں کے خلاف تشدد پر اقوام متحدہ کی خصوصی نمائندہ ریم السلم ، سربراہ برائے انسانی حقوق پالیسی اے پی اے سی فریڈرک راسکی، نفرت انگیز جرائم کی روک تھام کے ماہرٹامس فرنانڈیز ولازالا بھی تقریب میں شرکت اور گفتگو کریں گے۔ ممتاز پاکستانی اور غیر ملکی صحافی اوون بینیٹ جونز کانفرنس میں شرکت کریں گے جس میں آزادی اظہار اور ڈیجیٹل حقوق سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
کانفرنس میں خواتین اور ٹرانس جینڈر کمیونٹی کے حقوق کے ساتھ ساتھ صوبوں کے مسائل اور موسمیاتی تبدیلی کے پر بات چیت ہوگی-یہ تقریب 22 سیشنز پر مشتمل ہے جس میں ہائی کورٹ کے سینئر ججز، قانونی ماہرین، سفارتکار ، میڈیا کے نمائندے ، اور انسانی حقوق کے کارکنان شرکت کریں گے. قابل ذکر بات یہ ہے کہ اس کانفرنس میں ملک بھر میں بار کونسلز اور ایسوسی ایشنز کی 100 سے زائد پریکٹس کرنے والی خواتین وکلا کا خیر مقدم کیا جائے گا۔
عاصمہ جہانگیر کانفرنس کو اس بات کا ادراک ہے کہ جنوبی ایشیا بالخصوص پاکستان اپنے سیاسی اور جمہوری مستقبل کی تشکیل سے گزر رہا ہے. ۔ اس چیلنجنگ پس منظر کے پیش نظر، کانفرنس اسی حوصلے اور عزم کے ساتھ آگے بڑھنے کی کوشش کرتی ہے جو مرحومہ عاصمہ جہانگیر نے اپنے پورے پیشہ ورانہ کیرئیر میں مجسم کی تھی۔ عاصمہ جہانگیر کانفرنس، جس کو ‘پیپلز اسمبلی’ کہا جاتا ہے، اب پاکستان میں انسانی حقوق کا سب سے بڑا اجتماع بن گیا ہے. اس سال کے ایڈیشن میں جنوبی ایشیا میں شہری حقوق پر عوام کے مینڈیٹ کو تخفظ فراہم کرنے کا عزم کیا ہے۔