Friday, October 24, 2025
ہومٹاپ سٹوریقومی و صوبائی اسمبلیوں کے 21 حلقوں میں ضمنی انتخابات کیلئے پولنگ جاری

قومی و صوبائی اسمبلیوں کے 21 حلقوں میں ضمنی انتخابات کیلئے پولنگ جاری


لاہور( سب نیوز ) ملک بھر میں ضمنی الیکشن کا دنگل سج گیا، قومی اور صوبائی اسمبلی کے 21 حلقوں میں ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ جاری ہے۔
پنجاب اسمبلی
پنجاب اسمبلی کے 12 حلقوں میں ضمنی انتخاب ہوگا جن میں پی پی 22 چکوال کم تلہ گنگ، پی پی 32 گجرات، پی پی 36 وزیرآباد، پی پی 54 نارروال، پی پی 93 بھکر، پی پی 139 شیخوپورہ، لاہور میں پی پی 147، پی پی 149، پی پی 158، پی پی 164، پی پی 266 رحیم یار خان اور پی پی 290 ڈی جی خان شامل ہیں۔

لاہور
لاہور کے ایک قومی اور 4 صوبائی حلقوں میں ضمنی انتخابات کا دنگل سج گیا، این اے 119 میں مسلم لیگ ن کے علی پرویز ملک اور سنی اتحاد کونسل کے شہزاد فاروق مدمقابل ہیں۔

این اے 119 میں کل 9 امیدوار انتخاب میں حصہ لیں گے، این اے 119 میں کل رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 5 لاکھ 30 ہزار 167 ہے، 2 لاکھ 48 ہزار 581 خواتین جبکہ 2 لاکھ 81 ہزار 586 مرد ووٹرز ہیں۔

این اے 119 میں مجموعی طور پر 338 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے، مردوں کے لیے 89 اور خواتین کے لیے بھی 89 پولنگ اسٹیشن جبکہ مشترکہ پولنگ اسٹیشنز 160 ہوں گے۔

بلوچستان
بلوچستان کی 2 نشستوں پر ضمنی انتخاب ہورہا ہےجن میں پی بی 20 خضدار اور پی بی 22 لسبیلہ شامل ہیں جبکہ پی بی 50 قلعہ عبداللہ میں ری پولنگ بھی آج ہورہی ہے۔
خیبرپختونخوا
خیبرپختونخوا اسمبلی کی 2 نشستوں پی کے 22 باجوڑ اور پی کے 91 کوہاٹ پر امیدوار آمنے سامنے ہیں۔

صوبائی اسمبلیوں کے 16 حلقوں پر 191 امیدوار قسمت آزما رہے ہیں جبکہ عوامی نمائندوں کا انتخاب کرنے کے لیے 25 لاکھ 50 ہزار سے زائد ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
ضمنی انتخابات کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات بھی کیے گئے ہیں اور الیکشن کمیشن کی درخواست پر وفاقی حکومت نے سول آرمڈ فورسزاور فوج تعینات کرنے کی منظوری دے دی۔

پولیس سکیورٹی کے پہلے، سول آرمڈ فورسز دوسرے جبکہ پاک فوج کے اہل کار تیسرے حصار میں فرائض انجام دیں گے۔

بلوچستان اور پنجاب کے چند اضلاع میں موبائل فون سروس معطل
دوسری جانب ضمنی انتخابات کے دوران بلوچستان اور پنجاب کے چند اضلاع میں موبائل فون سروس معطل رہے گی۔

قومی اسمبلی کی 5 اور صوبائی اسمبلی کی 16 نشستوں پر پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوگئی، پولنگ کا عمل شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گا، قومی اسمبلی کے 5 اور صوبائی اسمبلی کے 16 حلقوں میں 239 امیدوار مدمقابل ہیں۔

قومی اسمبلی کے جن حلقوں میں ضمنی انتخاب ہورہا ہے ان میں پنجاب کے 2، خیبر پختونخوا کے 2 اور سندھ کا ایک حلقہ شامل ہے جبکہ صوبائی اسمبلیوں کی جن نشستوں پر ضمنی الیکشن ہو رہا ہے اس میں پنجاب اسمبلی کی 12، خیبرپختونخوا اور بلوچستان اسمبلی کی 2، 2 نشستیں شامل ہیں۔

نشستیں
قومی اسمبلی کی 5 نشستوں پر 47 امیدوار مدمقابل ہیں جبکہ جو این اے 8 باجوڑ ، این اے 44، ڈیرہ اسماعیل خان، این اے 119، لاہور، این اے 132، قصور اور این اے 196، قمبر شہداد کوٹ میں پنجہ آزمائی کررہے ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔