اسلام آباد: عسکری اداروں کیخلاف بیان دینے کے مقدمے میں پیشی کیلئے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچ گئے۔
عدالت میں پیشی کے لئے عمران خان آج صبح 7 بج کر 40 منٹ پر زمان پارک لاہور سے اسلام آباد کے لئے روانہ ہوئے جبکہ کارکنوں کی بڑی تعداد قافلے کے ساتھ موجود ہے۔
یاد رہے کہ عسکری اداروں کیخلاف بات کرنے پر عمران خان کیخلاف 7 اپریل کو مقدمہ مجسٹریٹ منظور احمد کی مدعیت میں تھانہ رمنا میں درج کیا گیا تھا، لاہور ہائیکورٹ نے اسی مقدمے میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی 26 اپریل تک حفاظتی ضمانت منظور کی تھی۔
عمران خان کی درخواستِ ضمانت دائر
دوسری جانب اداروں کو بغاوت پر اکسانے کے کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرتے ہوئے درخواستِ ضمانت دائر کر دی۔
عمران خان کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ سے آج ہی درخواستِ ضمانت پر سماعت کی استدعا کی گئی ہے۔
عمران خان کی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ شدید سکیورٹی تھریٹس ہیں، جن کی وجہ سے دوبارہ قاتلانہ حملہ ہو سکتا ہے۔
درخواست میں عمران خان کی جانب سے استدعا کی گئی ہے کہ عدالت ٹرائل کورٹ کی بجائے خود عبوری ضمانت منظور کرے۔
اسلام آباد کیلئے آج کا ٹریفک پلان جاری
سابق وزیر اعظم عمران خان کی پیشی پر کیپٹل پولیس کا ٹریفک پلان جاری کر دیا گیا جس کے مطابق جی ٹین پروجیکٹ موڑ اور عون محمد رضوی روڈ پر ڈائیورشن ہوگی، شہریوں کو متبادل راستوں کا انتخاب کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ اسلام آباد پولیس عمران خان کی پیشی پر موثر سکیورٹی اقدامات کرے گی، امید ہے پیشی کے دوران عمران خان اور ان کے ساتھی قانون کا احترام کریں گے۔
ترجمان پولیس نے کہا کہ مقدمات قانون کے مطابق بنے فیصلے عدالتوں نے کرنے ہیں، مقدمات کی نظر میں سب برابر ہیں، کسی کو امتیازی حیثیت حاصل نہیں۔
بغاوت پر اکسانے کا کیس،عمران خان اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچ گئے
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔