رسالپور (سب نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزیاں کر رہا ہے، مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں قیام امن ناممکن ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاک فضائیہ کے کیڈٹس کی پاسنگ آوٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دنیا کو موسمیاتی تبدیلیوں سمیت بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے، خطے میں امن کیلئے ہمسایہ ممالک کے ساتھ ملکر کوششیں جاری رکھیں گے، تمام ممالک سے دوطرفہ مفادات کی بنیاد پر مثبت تعلقات چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو معاشی چیلنجز کا سامنا ہے، یقین دلاتا ہوں معیشت کو مستحکم کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی، جلد ملک کے معاشی حالات بہتر ہوں گے۔ عالمی معاشی بحران سے پاکستانی عوام کو متاثر نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ ہمیں پاکستان کی ترقی کیلئے مل کر کام کرنے کی توفیق عطا کرے۔