Thursday, October 23, 2025
ہومسائنس و ٹیکنالوجیایلون مسک نے مفت ٹوئٹر بلیو ٹِک ختم کرنے کی ڈیڈ لائن دے دی

ایلون مسک نے مفت ٹوئٹر بلیو ٹِک ختم کرنے کی ڈیڈ لائن دے دی

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک نے تصدیق شدہ اکاونٹس کے لیے جاری کردہ بلیو ٹِک کو مکمل ختم کرنے کی تاریخ کا اعلان کر دیا ہے۔
دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک نے ٹویٹ میں اعلان کیا ہے کہ بلیو چیک کی میراث کو ختم کرنے کی فائنل تاریخ 20 اپریل ہے۔
یعنی جو صارف اپنے تصدیق شدہ اکاونٹ کا بلیو ٹِک مارک برقرار رکھنا چاہتا ہے تو وہ فیس ادا کر کہ ایسا کر سکتا ہے۔
بلیو ٹِک مارک انہی اکاونٹس کو جاری کیا جائے گا جنہوں نے ٹوئٹر بلیو کے تحت سبسکرپشن پلان حاصل کیا ہوا ہے۔
ہر ملک کے صارفین کے لیے سبسکرپشن پلان کی فیس مختلف رکھی گئی ہے۔ امریکہ میں رہنے والے صارفین کو آئی او ایس یا انیڈروئیڈ موبائل فونز پر ماہانہ 11 ڈالر یا سالانہ 114.99 ڈالر ادا کرنا ہوں گے جبکہ ویب پر استعمال کے لیے 8 ڈالر ماہانہ اور 84 ڈالر سالانہ ہے۔
جبکہ پاکستانی صارفین کو سالانہ پلان کے لیے 23 ہزار 700 روپے اور ماہانہ پلان کے لیے 2 ہزار 250 روپے ادا کرنا ہوں گے۔
چند مشہور شخصیات نے ویریفیکیشن فیس ادا کرنے سے انکار کیا ہے جن میں امریکی نیشنل باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے سٹار کھلاڑی لیبرون جیمز بھی شامل ہیں۔
انہوں نے ٹویٹ میں کہا تھا کہ شاید میرا بلیو جلد ہی چلا جائے گا کیونکہ اگر آپ مجھے جانتے ہیں تو میں فیس نہیں ادا کروں گا۔
تاہم ان کے اکاونٹ کا بلیو ٹِک مارک تاحال برقرار ہے۔
امریکی معروف مصنف سٹیفن کنگ نے بھی فیس کی ادائیگیوں کے آئیڈیا کو مسترد کرتے ہوئے ٹویٹ کیا تھا کہ ہم نے کسی طرح سے بل بھی ادا کرنا ہوتے ہیں۔
ٹوئٹر نے کاروباری اداروں اور تنظیموں کے لیے علیحدہ پروگرام لانچ کیا ہے جس کے تحت انہیں تصدیقی بیج حاصل کرنے کے لیے ماہانہ ایک ہزار ڈالر ادا کرنا ہوں گے۔
مختلف برانڈز، کمپنیوں اور غیر منافع بخش تنظیموں کو گولڈن بیج جبکہ حکومتی اداروں کو گرے بیج جاری کیا جائے گا۔
ٹوئٹر نے سال 2009 میں پہلی مرتبہ تصدیق شدہ اکانٹس کو مفت بلیو ٹِک جاری کرنے کا عمل شروع کیا تھا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔