Sunday, December 22, 2024
ہومتازہ ترینایکسپورٹرزصنعت میں ریڑھ کی ہڈی کا درجہ رکھتے ہیں ، تنویر الیاس

ایکسپورٹرزصنعت میں ریڑھ کی ہڈی کا درجہ رکھتے ہیں ، تنویر الیاس

اسلام آباد(آئی پی ایس ) پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے زیر اہتمام برآمد کنندگان کے مسائل کے حل اور اس شعبہ کی ترقی و ترویج کیلئے منعقدہ پروگرام “پبلک پرائیویٹ ڈائیلاگ” میں وزیر اعلی پنجاب کے معاون خصوصی برائے سرمایہ کاری بورڈ سردار تنویر الیاس خان نے شرکت کرنے والوں کو خوش آمدید کہا۔اس موقع پر وزیر برائے انڈسٹری میاں اسلم اقبال، وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت اور سی ای او پبٹ ڈاکٹر ارفا اقبال بھی موجود تھی۔ لاہور چیمبر آف کامرس سمیت سیالکوٹ، گجرات ،گجرانوالا فیصل آباد،ملتان چیمبر اور دیگر شہروں کے چیمبر آف کامرس کے صدور، نائب صدور، تاجر، اور صنعت کار بھی شریک تھیمعاون خصوصی سردار تنویر الیاس خان نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا ایکسپورٹرز پنجاب کی صنعت، تجارت و زراعت میں ریڑھ کی ہڈی کا درجہ دکھتے ہیں۔انھوں نے مزیدکہا کہ ایکسپورٹرز ہمارے سروں کا تاج ہیں جو قوم کے لیے قیمتی زر مبادلہ کماتے ہیں۔ ایکسپورٹر کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں حل کرائیں گے۔شرکا نے پنجاب کی تمام ڈرائی پورٹس کو فعال کرنے، ٹیکسٹائل پالیسی کی جلد منظوری، سیالکوٹ میں ٹیکنیکل یونیورسٹی اور ایکسپو سنٹر کے قیام، سرجیکل سیکٹر میں لیبر کی عدم دستیابی بائیو ٹیکنالوجی ویلیج کے قیام اور ہینڈ کرافٹس کو ڈیوٹی فری کرنے کے حوالے سے تجاویز پیش کیں۔ سردار تنویر الیاس نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ایکسپورٹرز اور کاروباری شخصیات کو ترویج دینے کے لئے کوشاں ہیں۔ ان کے ویژن کے مطابق ایکسپورٹرز کے مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کیا جا رہا ہے۔وزیر اعلی پنجاب کی حکومت سرمایہ کاروں کو سہولتیں فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے کہا کہ حکومت کی زبردست معاشی پالیسیوں اور سرمایہ کار دوست ماحول کی وجہ سے پنجاب میں بیرونی سرمایہ کاری آ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ایک سال میں نئے سیمنٹ پلانٹ لگانے کے لیے 7 این او سی جاری کر دئیے ہیں۔اس موقع پر وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت نے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیالکوٹ اور گجرات کو میٹرو پولیٹن کا درجہ دیں گے اورہر ضلعے کو ضرورت کے مطابق انڈسٹریل زون اور ایس ایم ایس سینٹرز مہیا کیے جائیں گے،وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ون ونڈو سروسز کوتیزتربنانے کے لیے وزیر اعلی اور وزیر اعظم پورٹل سے منسلک کیا جائے گا کیونکہ معاشی بحالی کے لیے حکومت پنجاب کا بیشتر انحصار نجی شعبہ پر ہے چئیرمن پنجاب سرمایہ کاری بورڈ سردار تنویر الیاس خان نے وزیر برائے انڈسٹری میاں اسلم اقبال، وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت اور دیگر افسران کا ڈائیلاگ میں شرکت پر شکریہ ادا کیا۔انھوں نے کہا کہ وزیر خزانہ اور وزیر انڈسٹری کے تعاون اور بہتر پالیسیوں سے ایکسپورٹرز اور سرمایہ کاروں کو کورنا وبا کے دوران بہت فائدہ ہوا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔