اسلام آباد(آئی پی ایس )اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے کہا ہے کہ کھیلوں کا فروغ اقتصادی سرگرمیوں کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتا ہے کیونکہ گلوبل سپورٹس انڈسٹری کی ویلیو تقریبا 500 ارب ڈالر سے زائد ہے لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آئی سی سی آئی کی اسپورٹس کمیٹی معیشت کے لئے فائدہ مند نتائج کے حصول کے لئے کھیلوں کی مختلف سرگرمیوں کو فروغ دینے پر توجہ دے۔ انہوں نے کہا کہ بہت ساری صنعتوں کی ترقی کھیلوں سے منسلک ہے لہذا کھیلوں کے فروغ سے ان کی نشوونما میں اضافہ ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آئی سی سی آئی کی اسپورٹس کمیٹی کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ آئی سی سی آئی سپورٹس کمیٹی کرکٹ، ہاکی، ٹینس، بیڈ منٹن، کبڈی اور جوڈو سمیت دیگر کھیلوں کے فروغ کے لئے کوششیں تیز کرے۔ انہوں نے کہا کہ اسپورٹس کمیٹی کو پاکستان اسپورٹ بورڈ اور دیگر اسپورٹس ایسوسی ایشنوں کے ساتھ مضبوط روابط استوار کرنا چاہئے تاکہ خطے میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے نئے مواقع تلاش کئے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ صحت مند کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے آئی سی سی آئی نے حال ہی میں ایک بہت ہی کامیاب بین الاقوامی سائیکلنگ گالا کا انعقاد کیا ہے اور اسپورٹس کمیٹی کو آنے والے دنوں میں کھیلوں کے متعدد مقابلوں کی منصوبہ بندی کرنی چاہئے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ آئی سی سی آئی ان کوششوں میں اسپورٹس کمیٹی کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گا۔آئی سی سی آئی سپورٹس کمیٹی کے کنوینر ظریف خان نے آئی سی سی آئی کے صدر کو مختلف کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے اپنی کمیٹی کے منصوبوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا جو آنے والے دنوں میں منعقد ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسپورٹس کمیٹی مستقبل قریب میں ایک کرکٹ میچ کا اہتمام کرے گی جبکہ آنے والے مہینوں میں دیگر کھیلوں کے مقابلوں کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔
کھیلوں پر توجہ دیکر کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کی کوشش کرینگے، یاسر الیاس
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔