پاکستان تحریک انصاف کے راولپنڈی میں ہونے والے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سینئر رہنماؤں نے کہا ہے کہ سب کان کھول کرسن لیں پاکستانی قوم سرجھکانے کوتیارنہیں۔ ہمارا کپتان گولیاں کھا کر بھی ڈٹ کر کھڑا ہے۔
تحریک انصاف کے چیئرمین لانگ مارچ میں شرکت کے لیے راولپنڈی پہنچ گئے ہیں۔ وہ نجی طیارے کے ذریعے لاہور سے راولپنڈی پہنچے اور ان کے طیارے نے نور خان ایئربیس پر لینڈ کیااس کے بعد وہ جلسے گاہ پہنچ گئے۔
ضلعی انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف کو 26 نکات پر جلسے کی اجازت دے دی ہے جس کے مطابق پی ٹی آئی کو رات بارہ بجے سے پہلے جلسہ گاہ کو خالی کرنا ہوگا۔
راولپنڈی میں پاکستان تحریک انصاف کے پاور شو سے خطاب کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ راولپنڈی کوفخرہے آج ہم میزبان ہے، کہاں ہے رانا ثنا نکل کر آؤ، عوام کا سمندررانا ثنا کواٹھا کرلے جائے گا۔ آج اہم بات کہنا چاہتا ہوں، آٹھ ماہ تک اپنی زبان کو بند رکھا، ہماری لڑائی فوج نہیں بلکہ نواز شریف، شہبازشریف، زرداری اور فضل الرحمان سے ہے، ملک میں سیاسی طوائفوں کا بازار لگا، لوگوں کی قیمت لگا کرعمران خان کی حکومت کوگرایا گیا، آج ملک کی معیشت تباہ ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ راولپنڈی نسلی اور اصلی لوگوں کا شہرہے، ملک کا غریب آدمی مرگیا ہے، اسحاق ڈار جھوٹ بول رہا ہے، کوئی ایل سی نہیں کھل رہی، جھوٹوں کوآئینی طریقے سے نکالنا چاہتے ہیں۔ ملک کی معیشت ڈوب رہی ہے، جب معیشت ڈوبتی ہے تو قومی سلامتی کو خطرہ لاحق ہوجاتا ہے، تین سپرپاورکے ساتھ پاکستان کا بارڈرلگتا ہے۔ فوج نے کہا ہے سیاست میں کبھی حصہ نہیں لیں گے، ملک ڈوب رہا ہے، ہماری کسی چینلزسے نہیں گینگ آف فائیو سے لڑائی ہے، نوازشریف، شہباز شریف،زرداری،مولانا فضل الرحمان سےلڑائی ہے۔ بہت اچھا فیصلہ ہے فوج سیاست میں نہ آئے، جب فوج سیاست میں نہیں آئے گی تو پی ڈی ایم کا جنازہ نکل جائے گا،13جماعتوں کا ایک ہی نام چوراورڈاکوہے، چوروں، ڈاکوؤں کو ملک پر مسلط کر دیا ہے، کوئی جیرا بلیڈ مسلط کر دیتے تو قوم ردعمل نہ دیتی، قوم ردعمل اس لیے دے رہی ہے قوم نے انہیں مسترد کردیا ہے۔ ہم تمام مذاکرات کے دروازے کھولنا چاہتے ہیں لیکن شرط الیکشن کی تاریخ دی جائے، ڈوبتی کشتی کوصرف عمران خان بچاسکتا ہے، یہ ملک ڈوب رہا ہے، ملک میں سیاسی عدم استحکام ہے، آج جوبھی عمران خان فیصلہ کریں گے لبیک کہیں گے۔ یہ چور،ڈاکوسامراج کے ایجنٹ ہیں۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل نے کہا کہ ہم فوج کے خلاف پہلے تھے نہ آئندہ کوئی بات کریں گے، نئے آرمی چیف سے ارشد شریف کی فیملی کو بڑی امیدیں ہیں، ہم امید کرتے ہیں ارشد شریف کی فیملی کوانصاف ملے گا۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما فواد چودھری نے کہا کہ ہمیں امید ہے ادارے کے اندر تبدیلی آئے گی، ہم چاہتے ہیں تاریخ کو ٹھیک کیا جائے۔ ہمارا کوئی مطالبہ غیر جمہوری نہیں، عوام کا فیصلہ تسلیم کرو ملک میں عام انتخابات کا اعلان کرو، اگرآپ لوگوں کے ساتھ عوام ہے تو میدان میں آ کر مقابلہ کرو، ملک میں جبر کا خاتمہ ہو رہا ہے، فیصلہ جوبھی ہو ہم عمران خان کے پیچھے کھڑے ہیں، شہبازشریف کوپتا چلا عمران خان آرہا ہے توترکیہ بھاگ گیا۔
انہوں نے کہا کہ آج کے جلسے میں لوگ واپس جانے کے لیے نہیں آئے، ملک کی تاریخ کودرست کیا جائے،8 ماہ پہلے ہمارے مینڈیٹ کو چوری کیا گیا، شہبازشریف آپ واپس آؤہم آپ کوایئرپورٹ پرملیں گے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما مراد سعید نے احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گولیاں مار کر بھی یہ عمران خان کو شکست نہیں دے سکے۔ جوانصاف کا مطالبہ کرے اس پرتشدد کرتے ہیں، اگرملک سے محبت کرنا بغاوت ہے تو ہم سب باغی ہیں، تم نے ملک کے ساتھ غداری کی اور ملک کا سودا کیا، اللہ کی زمین پرخدا بننے کی کوشش مت کرو۔ پاکستانیوں آپ کی جرات،حوصلے وہمت کوسلام پیش کرتا ہوں، اسی طرح عمران خان کے ساتھ کھڑے رہنا ہے، ہم سب عہد کرتے ہیں ملکی خودمختاری، حقیقی آزادی کے لیے ہر ممکن جدوجہد کریں گے، پاکستان کے خلاف اندرونی وبیرونی سازشوں کا مل کرمقابلہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ارشد شریف کے قاتلوں کوہم عبرت کا نشان بنائیں گے، ارشد شریف کا خون ناحق کیا گیا، عمران خان کی حکومت کوسازش کے تحت ہٹایا گیا، امریکا کی غلامی کرنا بغاوت ہے توہم سب باغی ہیں۔
سابق وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا کہ سب سے پہلے آپ سب کو مبارکباد دیتا ہوں، آپ کے جذبے سے یقین ہوگیا آپ نیا پاکستان چاہتے ہیں، کیا ہمارے بزرگوں نے پاکستان اس لیے بنایا تھا یہاں غنڈہ گردی ہو؟ کیا قائداعظمؒ،علامہ اقبالؒ نے اس لیے پاکستان بنایا تھا، اگر ہم خاموش رہے تو یہ ڈاکو پاکستان کو لوٹتے رہیں گے، کب تک پاکستانیوں ان ڈاکوؤں کوبرداشت کروگے، یہ ڈاکو ملک میں باریاں لے رہے تھے، عمران خان نے ان ڈاکوؤں سے لوٹ مار کا حساب مانگا ہے، انہوں نے عمران کوراستے سے ہٹانے کے لیے کیسزبنائے۔ بزدلوں آؤمیدان میں آکرعمران کا مقابلہ کرو، ملاقاتوں میں یہ کہتے ہیں الیکشن ہوئے تو وہ ہار جائیں گے، پاکستانیوں کوچور، ڈاکو نہیں، عمران خان جیسا وزیراعظم چاہیے، جومرضی کرلیں ہماری ضد ہے ہم نے عمران خان کو لانا ہے، ابھی بھی وقت ہے سمجھ جاؤ، جس دن یہ قوم انقلاب کی طرف نکلی تو پھر کیا کرو گے؟ بہت ہو گیا بہت چوری کرلی اب عوام کو اپنے لیڈر کو منتخب کرنے کا موقع دو، عمران خان جوبھی اعلان کریں گے خوشی سے قبول کریں گے، ارشد شریف، اعظم سواتی کے ساتھ ظلم ہوا، ایسا سب کچھ زندگی میں نہیں دیکھا تھا، عقل کے ناخن لوہم پرامن شہری ہے، ڈرپوک لوگوں کواب خواب میں بھی عمران خان نظرآتا ہے، ڈرپوک،بزدلوں الیکشن میں آکرعمران کا مقابلہ کرو۔ ہماری جدوجہد ان کوکرسی سے ہٹانے تک جاری رہے گی، ہم نے آرام نہیں کرنا ان چوروں سے پاکستان کی جان چھڑانی ہے۔
سابق وفاقی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اسد عمر نے کہا کہ مینارِ پاکستان جلسے میں عمران خان سے کہا تھا سڑکیں چھوٹی پڑ گئی ہیں، آج پھرسڑکیں چھوٹی پڑگئی ہیں، آج پاکستان تاریخی موڑ پر کھڑا ہے، دو راستے ہے ایک ماضی کا بزدلی اور بدحالی کا راستہ ہے، دوسرا راستہ غیرت، دلیری، خودداری، خوشحالی کا راستہ ہے، پاکستان کے فیصلے اب بند کمروں میں نہیں ہو سکتے، یہی سوال قوم اور ریاست کے سامنے بھی ہے، ہمارے لیے محترم ہے، معذرت کے ساتھ عوام کو نظر آ رہا ہے، اعلیٰ عدلیہ میں بھی انصاف کے دروازے بند نظرآرہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ارشد شریف، اعظم سواتی کی انصاف کی اپیلوں کو نظرانداز کیا گیا، ارشد شریف کے لیے عدالت کے دروازے نہیں کھولے گئے، جج صاحب! ارشد شریف کے بچے انصاف چاہتے ہیں، سب سے بڑی پارٹی کے لیڈر پر قاتلانہ حملہ ہوا، عمران خان کی ایف آئی آرنہیں کاٹی گئی، کیا جج صاحبان آپ کویہ ناانصافی نظرنہیں آرہی، عوام سے پوچھتا ہوں کیا یہ انصاف ہورہا ہے؟ معززجج صاحبان کا احترام کرتے ہیں، افواج پاکستان نے دہشت گردی کی خلاف جنگ میں بے شمارقربانیاں دیں، ہم سب فوج کی عزت کرتے ہیں، کیا فوج کوسیاست کے اندر مداخلت کرنی چاہیے، کیا کوئی ماں فوج میں اس لیے اپنے بچے کو بھیجتی ہے کہ وہ فون کرے آپ نے کس پارٹی کے ساتھ کھڑا ہونا یا نہیں، کیا یہ فوج کی بے توقیری نہیں ہے، پاکستان کی ریاست کے لیے یہ سوچنے کا وقت ہے، پاکستان کے عوام نے فیصلہ کرلیا ہے غلامی منظور نہیں، سب کان کھول کرسن لیں پاکستانی قوم سرجھکانے کوتیارنہیں۔ اللہ کے سوا کسی سے نہیں ڈریں گے، حقیقی آزادی کے لیے اپنے کپتان کے ساتھ جدوجہد کریں گے، پاکستانیوں ڈروگے تو نہیں، ہمارا کپتان گولیاں کھا کربھی کھڑا ہے، یہ بزدل عمران خان کو موت سے ڈراتے ہیں، یہ بزدل نہیں جانتے زندگی موت کی طاقت صرف اللہ کے پاس ہے۔ وعدہ کررہا ہوں جب تک کپتان کھڑا ہےایک قدم پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
