اسلام آباد،وزیراعظم کے معاونِ خصوصی علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ سینیٹ انتخابات میں اسلام آباد سے خواتین کی مخصوص نشست پارٹی کی پرانی کارکن فوزیہ ارشد کو نامزد کرکے پاکستان تحریک انصاف نے ثابت کیا ہے کہ یہ عوام اور کارکنوں کی جماعت ہے، سینیٹ انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کی فتح ہوگی اور وہ ملک کی سب سے بڑی جماعت بن کر ابھرے گی- ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی کی امیدوار فوزیہ ارشد کے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو میں کیا-
انہوں نے کہا کہ سٹیٹس کو کی حامی اپوزیشن جماعتیں پاکستان تحریک انصاف کے دلیرانہ فیصلوں سے نالاں اور سینیٹ انتخابات کے بعد واضح ہوجائے گا کہ عوام کا خیر خواہ کون ہے- انہوں نے کہا کہ اوپن بیلٹنگ کے لیے پی ٹی آئی کی کوششیں پورے اپنی پارٹی کے لیے نہیں بلکہ ایوان بالا کے الیکشن میں ہر دفعہ ملک کے تمام سیاستدانوں پر ہارس ٹریڈنگ کا داغ مٹانے کے لیے ہیں مگر افسوس کہ ہماری اپوزیشن پارٹیاں نہیں چاہتیں کہ الیکشن شفاف ہوں – اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سینیٹ میں پی ٹی آئی کی اسلام آباد سے امیدوار فوزیہ ارشد نے کہا کہ وہ وزیراعظم عمران خان، اعلی پارٹی قیادت اور بالخصوص اسلام آباد کے تینوں منتخب ارکان قومی اسمبلی اسد عمر، علی نواز اعوان اور راجہ خرم نواز کی شکر گزار ہیں جنہوں نے ایک عام کارکن پر اعتماد کیا۔اس موقع پر پارٹی کارکنوں کی بڑی تعداد بھی اپنی قیادت کے ہمراہ موجود تھی۔