وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان کان کھول کر سن لیں الیکشن کا اعلان حکومت کی مدت پوری ہونے پر کیا جائے گا، 6 دن کا الٹی میٹم نہ دیں، آپ 6 صدیوں تک دوبارہ اسلام آباد نہیں آ سکتے، عمران خان نے اعتراف کر لیا کہ انہیں عوام نے مسترد کر دیا اور وہ ہار کر واپس گئے ہیں، عمران خان کی تیاری اسلحہ اور ڈنڈے جمع کرنے پر تھی جو ان کے عہدیداروں، کارکنوں اور ٹکٹ ہولڈرز کے گھروں سے برآمد ہوئے، خیبرپختونخوا کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کو 35، 35 لاکھ روپے دینے کے باوجود یہ 35 ہزار لوگ جمع نہیں کر سکے، آئی ایم ایف کے ساتھ آپ کے کئے گئے معاہدوں کی وجہ سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا مشکل ترین فیصلہ دل پر پتھر رکھ کر کرنا پڑا، ہم نے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ اور نمائندگی کا حق دیا ہے جس کا طریقہ کار الیکشن کمیشن طے کرے گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی پریس کانفرنس کے ردعمل میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان نے پریس کانفرنس میں حیران کن، پریشان کن اور تہلکہ آمیز انکشافات کئے اور انہوں نے تسلیم کیا کہ ہم ناکام واپس آئے اور عوام نے ہمیں مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کا یہ کہنا کہ وہ تیاری کے ساتھ نہیں آئے تھے یہ ان کی ناکامی کا ثبوت ہے، دراصل عمران خان کی تیاری صرف اسلحہ اور ڈنڈے جمع کرنے پر تھی جو ان کے کارکنوں، ٹکٹ ہولڈرز اور عہدیداروں کے گھروں سے برآمد ہوئے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اس کا انکشاف کیا تھا کہ یہ خونی انقلاب کی تیاری کر رہے ہیں لیکن عوام نے انہیں مسترد کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ خان صاحب انقلاب اسلحہ، ڈنڈے، گالی اور تشدد پر اکسا کر نہیں آیا کرتے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف جب عدلیہ بحالی کے لئے نکلے تھے وہ اسلحہ لیکر نہیں نکلے تھے، جب نواز شریف نکلے تو عوام خود بخود باہر آگئے اورعوامی انقلاب ایسا ہوتا ہے۔ وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ جو مایوس اور ناکام ہو کر جاتا ہے وہ پریس کانفرنس نہیں کرتا یہ مشورہ بھی آپ کو کسی نے غلط دیا ہے، ناکام ہوکر آپ کو چاہئے کہ سکون کی گولی کھا کر آرام کریں اورشہباز شریف سے سیکھیں کہ حکومت کیسے کی جاتی ہے
عمران کان کھول کر سن لو ،حکومت مدت پوری کرے گی،وزیر اطلاعات
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
