اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )بیرونی سازش سے مسلط ہونے والی امپورٹڈ حکومت کیخلاف کپتان کی حقیقی آزادی کی تحریک زور پکڑنے لگی ،صوبہ پنجاب کے بڑے اضلاع کی بار کونسلز کے منتخب قائدین کا غلامی نامنظور مارچ کی بھرپور تائید و حمایت کا اعلان کردیا۔تفصیلات کے مطابق پنجاب کی بار کونسلز کے عہدیداران پر مشتمل بڑے وفد نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے خصوصی ملاقات کی ،وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی بھی ملاقات میں موجود تھے۔وکلا نمائندوں نے بیرونی سازش کے نتیجے میں منتخب جمہوری حکومت کے خاتمے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خفیہ مراسلے کے مندرجات کی تحقیقات اور ذمہ داروں کے تعین کے چیئرمین تحریک انصاف کے مطالبے کی مکمل حمایت کا اعلان کردیا۔
اعلی سطحی عدالتی کمیشن کے ذریعے سرِعام تحقیقات کے ذریعے سازش میں ملوث کرداروں کی نشاندہی کے مطالبے کی بھی تائید کی گئی ،ریاستی اداروں کے اپنی آئینی حدود میں رہتے ہوئے کام کرنے کی ضرورت پر زور ،سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن سے سیاسی جماعتوں کی آل کار نہ بننے کا تقاضا ،حکومت کی جانب سے توہینِ مذہب کے قانون کے سیاسی استعمال کی شدید مذمت کی گئی ۔سیاسی مخالفین کیخلاف اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کیخلاف انتقامی کارروائیاں فوری ترک کرنے کا مطالبہ کیا گیا ،حکومت پر پرامن اجتماعات کے انعقاد کی راہ میں رکاوٹیں ڈال کر دستور شکنی سے گریز پر زور دیاگیا۔بارکونسل کے منتخب قائدین نے 18 مئی کو چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے لاہور میں عظیم الشان وکلا کنونشن میں بھرپور خیرمقدم کا بھی اعلان کیا۔عمران خان سے ملاقات کرنے والوں میں رکن پنجاب بار کونسل رانا ضمیر احمد جھیڈو ممبر پنجاب بار کونسل ‘صدر شیخوپورہ بار خرم ورک اور صدر قصور بار مہر سلیم ،صدر پتوکی بارعظیم انور، صدر کوٹ رادھا کِشن بار ظہیر شمسی’ صدر میانوالی بار عبدالستار خاں اور سابق صدر شکر گڑھ بار زین العابدین طور ،جنرل سیکرٹری نوشہراں ورکاں بار ظہیر یوسف سپرا’ سابق جنرل سیکرٹریز لاہور بار نعیم احمد چوہان اور سعد خاں ،’ لاہور بار کے سابق جنرل سیکرٹری فرحان مصطفے جعفری’ سیکرٹری جنرل قصور بار حافظ علی شان اور جنرل سیکرٹری پتوکی بار ملک عبد الجبار ، جنرل سیکرٹری کورٹ رادھاکشن بار سردار طاہر وقاص’جنرل سیکرٹری میانوالی بار منیر سعید اور نائب صدر لاہور بار ایم ایچ شاہین ،سابق نائب صدر لاہور بار پرویز سلہری ‘ نائب صدر ننکانہ بار رائے آصف اور نائب صدر پتوکی بار شہباز احمد بھٹی بھی عمران خان سے ملنے والوں میں شامل تھے۔

