Wednesday, March 18, 2026
ہومپاکستانہوٹل میں ہاتھا پائی ! قاسم سوری نے اندراج مقدمہ کی درخواست دیدی

ہوٹل میں ہاتھا پائی ! قاسم سوری نے اندراج مقدمہ کی درخواست دیدی

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ) اسلا م آباد کے نجی ہوٹل میں سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری اور ان کے دوست پر حملہ کیا گیا جس میں قاسم سوری محفوظ رہے جبکہ ان کے دوست زخمی ہوگئے۔قاسم سوری کا کہنا ہے کہ سحری کیلئے بیٹھے تھے کہ حملہ آور ہوٹل میں گھس آئے ، جس پر انداراج مقدمہ کی درخواست دیدی ۔

پی ٹی آئی رہنما قاسم سوری نے جمہوری وطن پارٹی کے کارکنوں سے ہاتھا پائی کے معاملے پر اندراج مقدمہ کی درخواست دے دی۔ قاسم سوری نے تھانہ کوہسارمیں اندراج مقدمہ کی درخواست دی ہے جس میں انہوں نے موقف اختیار کیا ہے کہ سحری کے لیے کوہسار مارکیٹ گئے تھے، میرے ساتھ ٹیبل پر عدیل مرزا اور خالد بھٹی بیٹھے ہوئے تھے جبکہ دوسرے ٹیبل پر ڈاکٹرعارف اور خواتین بیٹھی تھیں،کچھ لوگ جتھے کی صورت میں وہاں آگئے اور پی ٹی آئی کے خلاف نعرے لگائے۔

درخواست میں قاسم سوری کی جانب سے موقف اپنایا گیا ہے کہ وہ لوگ (حملہ آور ) جان سے مارنے کی نیت سے ڈنڈوں سے حملہ آور ہو گئے، وہ للکارے رہے کہ وہاں سے کوئی زندہ بچ کر نہیں جائیگا، اس پر وہاں موجودلوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ درخواست میں بتایا گیا ہے کہ حملے کے دوران ڈاکٹرعارف کی دائیں آنکھ، خالدبھٹی کی آنکھ اور ران پر زخم آئے۔قاسم سوری کے مطابق وہاں موجودلوگوں نے بیچ بچا کراکر ہماری جان بخشی کرائی، بعد ازاں حملہ آور 2 گاڑیوں میں فرار ہو گئے۔ درخواست میں قاسم سوری کی جانب سے استدعا کی گئی ہے کہ سخت زیادتی ہوئی ہے، قانونی چارہ جوئی کر کے انصاف دلایا جائے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔