وہاڑی (محمد اشرف)چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ محمد امیر بھٹی نے اپنے دورہ بوریوالا کے دوران ایڈیشنل جوڈیشل کمپلیکس کا افتتاح کر دیا۔ بعد ازاں چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ محمد امیر بھٹی نے بار روم میں بار ایسوی ایشن کی تقریب حلف برداری سے خطاب کیا ۔انہوں نے کہا کہ مجھے فخر ہے پنجاب کی سب سے بڑی تحصیل بار کا ممبر رہا ہوں انسان کی محنت ہی اس کو آگے بڑھنے میں مدد دیتی ہے، اپنا راستہ سیدھا رکھا جس کی بدولت آج اس منصب پر ہوں بڑوں کے احترام کے بغیر کوئی منزل پر نہیں پہنچ سکتا ۔
انہوں نے دوران خطاب ضلعی سطح پر بینکنگ ٹربیونل کے قیام کی بھی بات کی اس موقع پر چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی پاکستان بار کونسل پیر مسعود چشتی، ڈی پی او وہاڑی طارق عزیز، ڈپٹی کمشنر خضر افضال، اسسٹنٹ کمشنر بلاول علی ،صدر و جنرل سیکرٹری چوہدری محمد صدیق اور چوہدری مشاہد حسین، ممبر صوبائی اسمبلی خالد محمود ڈوگر، سابق ممبران قومی و صوبائی اسمبلی چوہدری نذیر آرائیں، ملک نوشیر لنگڑیال ،سماجی رہنما شیخ شہزاد مبین سمیت دیگر معززین بھی موجود تھے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری محمد صدیق کا کہنا تھا کہ ایڈیشنل جوڈیشل کمپلیکس کمیٹی روم، ریکارڈ روم، جوڈیشل ریسٹ ہاس،ججز کی رہائش اور آٹھ کورٹس سمیت دیگر سہولیات کا حامل ہے اور اپنی نوعیت کا بہترین کمپلیکس ہے۔ انہوں نے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ محمد امیر بھٹی سمیت دیگر مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور دوران خطاب اپنے مطالبات بھی پیش کیے ۔انہوں نے وکلا کالونی، پارکنگ لاٹ، چیمبرز کی قلت، وکلا کے لیے ڈسپنسری، بار روم اور لائبریری کی توسیع، مستقل بنیادوں پر فنڈز کے اجرا، سکیورٹی کے لیے سی سی ٹی وی سسٹم اور کنٹرول روم کے قیام اور کچہری کے بالمقابل جسٹس امیر بھٹی آڈیٹوریم کے قیام کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے دوران خطاب پتوکی میں قتل کیے گئے بار ممبر اقبال جٹ کے لیے انصاف کی فراہمی کا بھی مطالبہ کیا قانون کی تاریخ میں معتبر نام سے پہچان رکھنے والے چیف جسٹس محمد امیر بھٹی اور پیر مسعود چشتی کو بوریوالا سے تعلق رکھنے پر خراج تحسین بھی پیش کیا گیا ۔اس موقع پر پولیس کی جانب سے سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے تھے غیر متعلقہ افراد کی رسائی روکنے کے لیے بڑے پیمانے پر ناکہ بندی اور بیرئیرز کا استعمال کیا گیا تھا ۔چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ محمد امیر بھٹی سٹیڈیم روڈ پر واقع ڈیفنس بلاک میں اپنے مرحوم بھائی محمد افضل بھٹی کے گھر قیام کریں گے جہاں پر ان کے بھتیجے مقیم ہیں۔
