Saturday, February 14, 2026
ہوماسلام آبادچیئر مین سی ڈی اے کی صدارت میں جنگلات کے تحفظ کیلئے اجلاس،مشترکہ گشت کی ہدایت

چیئر مین سی ڈی اے کی صدارت میں جنگلات کے تحفظ کیلئے اجلاس،مشترکہ گشت کی ہدایت

وفاقی ترقیاتی ادارے کی انتظامیہ جنگلات کا حسن برقرار رکھنے اور انکی حفاظت کرنے کے لئے بھرپور اقدامات اٹھا رہا ہے۔

اس سلسلے میں مارگلہ ہلز میں گرمیوں میں لگنے والی آگ سے بچا اور حفاظتی اقدامات کے پیش نظر چیئرمین کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ایک جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ جسمیں چیئرپرسن آئی ڈبلیو ایم بی رینہ سعید خان اور انکے نمائندگان سمیت پولیس انتظامیہ، ضلعی انتظامیہ کے افسران اور سی ڈی اے کے متعلقہ شعبوں کے افسران نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جنگلات کی حفاظت کرنے کرنے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کو استعمال میں لاتے ہوئے ڈرون کیمروں کا استعمال کیا جائے تاکہ فاریسٹ ایریا میں لگنے والی آگ اور اسکی وجوہات کی بروقت نشاندھی کی جاسکے۔ علاوہ ازیں ان کیمروں کے استعمال سے فیصلہ سازی میں بھی مدد ملے گی۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ سی ڈی اے، ضلعی انتظامیہ اور آئی ڈبلیو ایم بی کی مشترکہ ٹیمیں مزکورہ علاقوں میں گشت بھی کریں گی اور جنگلات کو نقصان پہنچانے میں جو عناصر بھی ملوث ہوئے انکے ساتھ آئینی طریقہ کار سے نمٹا جائے گا۔اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا

جنگلات کی حفاظت کرنے کے لئے چوبیس گھنٹے متعلقہ عملہ بشمول واٹر سپلائی ونگ کی گاڑیاں اور عملہ فیلڈ میں موجود رہے گا تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جاسکے۔ اجلاس میں ان علاقوں میں تفریحی سرگرمیاں بالخصوص باربی کیو جیسی دیگر سرگرمیوں پر بھی دو ماہ کے لئے پابندی لگانے کی تجویز زیر غور آئی۔ اجلاس میں مزید فیصلہ کیا گیا کہ فائر سیزن میں جنگلات میں لگنے والی آگ پر بروقت قابو پانے کے لئے ٹریفک کو رواں دواں رکھا جائے تاکہ آگ بھجانے والی گاڑیوں کو رستے کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اسی طرح ہائیکنگ ٹریلز پر مامور عملے کی پیٹرولنگ کو بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا تاکہ لگنے والی آگ پر بروقت قابو پایا جاسکے۔اس موقع پر سی ڈی اے انتظامیہ کا کہنا تھا کہ جنگلات اسلام آباد کا حسن ہیں اور اسکو برقرار رکھنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔