Thursday, November 28, 2024
ہومپاکستانوزیر اعظم کی قیادت میں حکومت نے معیشت کی بحالی کا آغاز کیا،وزیر خزانہ

وزیر اعظم کی قیادت میں حکومت نے معیشت کی بحالی کا آغاز کیا،وزیر خزانہ

وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت نے معیشت کی بحالی کا آغاز کیا،معیشت کی رواں سال ساڑھے چار سے پانچ فیصد کے درمیان ترقی متوقع ہے،اقتصادی ترقی کے ثمرات نچلے طبقے تک پہنچانے کیلئے اقدامات کررہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں سرمایہ کاری، صنعت اور برآمدات کے حوالے سے منعقد کی گئی ورکشاپ میں وزیر خزانہ شوکت ترین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 60 کی دہائی میں پاکستان ایشیا کی چوتھی بڑی معیشت تھی۔و زیر خزانہ شوکت ترین نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کوریا اور تھائی لینڈ سے بڑی تھی، چوتھی بڑی معیشت ہونے کی وجہ یہ تھی کہ ہماری منصوبہ بندی مضبوط تھی۔انہوں نے کہا کہ 1972-73 میں نیشنلائزیشن اور پھر افغان جنگ نے معیشت کو نقصان پہنچایا،

اس کے بعد آنے والی حکومتوں نے معیشت پر توجہ نہیں دی۔وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا کہ پھر ہمارا نام 20 بڑی معیشتوں میں بھی نہ آسکا، پی ٹی آئی کی حکومت آئی تو کرنٹ اکاونٹ خسارہ، افغانستان کی صورتحال اور عالمی مہنگائی کے چیلنجز کا سامنا تھا۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے معیشت کو مضبوط کرنے کیلئے اقدامات کا آغاز کیا ہے جبکہ ہماری معیشت اس وقت 5 فیصد کی شرح نمو سے آگے بڑھ رہی ہے۔

شوکت ترین نے کہا کہ ترسیلات زر بھیجنے والے بیرون ملک پاکستانیوں کے شکر گزار ہیں، شرح سود کو بڑھانے کا مقصد معیشت کو بہتر کرنا تھا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ڈالرز خریدنے پڑتے ہیں، ڈالرز نہ ہونے کی وجہ سے آئی ایم ایف کیپاس جانا پڑا، اس وقت 4 فیصد پائیدار شرح نمو ہے۔

وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا کہ سیاحت، آئی ٹی کے شعبوں پر بھی توجہ دینی ہوگی، ہمارے شمالی علاقے خوبصورت ہیں وہاں سیاحت کے فروغ کیلئے کچھ نہیں کیا گیا۔شوکت ترین نے کہا کہ پاکستان کا مالی گیپ 40 ارب ڈالر کا ہے، یہ بھی شکر ہے کہ 30 ارب ڈالر کی ترسیلات زر آتی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ زرعی شعبے کی بہتری پر توجہ دے رہے ہیں اگر نہ دی تو تحفظ خوراک کا مسئلہ ہوگا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔