Wednesday, March 18, 2026
ہوماسلام آبادسی ڈی اے ڈی ڈبلیو پی اجلاس، جدید ٹریفک منیجمنٹ سولیشن کا پی سی ون منظور

سی ڈی اے ڈی ڈبلیو پی اجلاس، جدید ٹریفک منیجمنٹ سولیشن کا پی سی ون منظور

ڈی ڈبلیو پی کا 55 واں اجلاس چیئرمین سی ڈی اے کی زیر صدارت

وفاقی ترقیاتی ادارے ڈی ڈبلیو پی کا 55 واں اجلاس چیئرمین سی ڈی اے کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈ کوارٹرز میں منعقد ہوا جس میں متعلقہ شعبوں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں متعدد منصوبے منظوری کیلئے پیش کئے گئے جن کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد منظور کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سی ڈی اے ڈی ڈبلیو پی کے اجلاس میں کشمیر چوک، مری روڈ پر جدید ٹریفک منیجمنٹ سولیشن منصوبے کا 1385 ملین روپے کا پی سی ون منظوری کیا گیا۔ اسی طرح اجلاس میں اسلام آباد میں زوننگ پلانگ کیلئے پیش کئے جانے والے منصوبے کنڈکٹنگ سروے اینڈ پروپوز ڈویلپمنٹ /زوننگ پلانگ کے لیے 70ملین روپے کا پی سی ٹو بھی منظور کیا گیا۔

مزید برآں اجلاس میں ادارے میں جیو سپیٹل ٹیکنالوجی ونگ کے قیام کے لئے 800 ملین روپے کا پی سی ون بھی منظوری کے لئے پیش کیا گیا جسکو منظور کر لیا گیا۔ اس منصوبے کو 36 ماہ کی مدت میں مکمل کرلیا جائے گا۔ اس منصوبے کا مقصد اسلام آباد شہر میں پلاننگ اور اسٹیٹ منیجمنٹ کو برقرار رکھنا ہے۔ جبکہ اس ٹیکنالوجی سے سی ڈی اے کی اندرونی محکمانہ سہولیات کو مزید مثر اور مضبوط بنانے میں بھی مدد ملے گی۔ اور اس پر عمل درآمد سے سی ڈی اے فزیکل پلاننگ، زمین کے حصول اور انفراسٹرکچر سے متعلق خود انحصاری کو بہتر بنائے گا۔

سٹی سیوریج کی مجموعی دیکھ بھال کے لئے 95 ملین روپے کا پی سی ون کی بھی منظوری

علاوہ ازیں شہر میں سٹی سیورج کی کارکردگی میں اضافے اور جدید آلات کی خریداری اور شہر میں سٹی سیوریج کی مجموعی دیکھ بھال کے لئے 95 ملین روپے کا پی سی ون کی بھی منظوری دی گئی۔ اسی طرح اجلاس میں اسلام آباد کے سیکٹر جی فائیو میں ڈپلومیٹک انکلیو میں داخلی اور خارجی دروازوں کی تعمیر و تنصیب کے لئے بھی 99 ملین روپے کا پی سی ون منظور کیا گیا۔

اس منصوبے سے ریڈ زون میں واقع سفارت خانوں اور عملے کی سیکورٹی کو بہتر بنایا جاسکے گا۔ اسی طرح اجلاس میں اسلام آبادمیں کورونا وائرس کی بیماری کے خلاف جنگ میں اپنی جانیں قربان کرنے والے پیرا میڈیکل اسٹاف کی یادگار کہ تعمیر کے لئے بھی 34 ملین روپے کا پی سی ون اجلاس میں منظور کیا گیا۔

اپ گریڈیشن کے لئے بھی 357 ملین روپے کا پی سی ون منظور

اجلاس میں اسلام آباد سبزی منڈی کے موجودہ انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن کے لئے بھی 357 ملین روپے کا پی سی ون منظور کیا گیا۔ جبکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی سرمایہ کاری کو محفوظ بنانے کیلئے ہائی رائز رہائشی اپارٹمنٹس کی تعمیر کیلئے پارک انکلیو ہائٹس کے لئے 126,075 ملین روپے کا پی سی ون بھی اجلاس میں منظور کیا گیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔