Monday, June 23, 2025
spot_img
ہومپاکستانوزیراعظم اور بل گیٹس کے درمیان ملاقات، پولیو کے خاتمے پر تعاون جاری رکھنے پر اتفاق

وزیراعظم اور بل گیٹس کے درمیان ملاقات، پولیو کے خاتمے پر تعاون جاری رکھنے پر اتفاق

مائیکروسافٹ کے بانی بِل گیٹس ایک روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے جہاں انہوں نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی اور پاکستان میں جاری انسداد پولیو مہم پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تعاون جاری رکھنے کا اعلان کیا۔تفصیلات کے مطابق مائیکرو سوفٹ کے بانی بِل گیٹس ایک روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں، وہ پہلی بار پاکستان آئے ہیں، اسلام آباد میں انہوں نے انسدادپولیو پروگرام کا دورہ کیا۔
انہیں انسداد پولیو پروگرام کے سربراہ ڈاکٹر شہزاد بیگ نے بریفنگ دی اور کورونا سمیت پولیوکی روک تھام سے متعلق اقدامات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر معاون خصوصی براے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان بھی موجود رہے۔
ذرائع کے مطابق بل گیٹس نے پولیو سے متعلق اقدامات کو سراہا اور کہا کہ پاکستان نے پولیو کے خاتمے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔ ذرائع کے مطابق بل گیٹس نے پاکستان کے پولیو ورکرز، ہیلتھ ورکرز اور والدین کے تعاون کو بھی سراہا اور کہا کہ پولیو ورکرز اور والدین کے تعاون کے باعث پاکستان ایک سال سے پولیو فری ہے، پاکستان کے ساتھ پولیو پروگرام میں تعاون جاری رکھا جائے گا۔
بعد ازاں وزیراعظم عمران خان اور بل گیٹس کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں پولیو کے خاتمہ اور دوسرے اہم موضوعات پر بات چیت ہوئی۔
قبل ازیں معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کا نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بتایا کہ مائیکرو سوفٹ کے بانی پہلی بار پاکستان آئے، ہم ان کے دورے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔