راولپنڈی(آئی پی ایس )آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ اپنی قوم کی ترقی اور خوشحالی کے لیے دل و جان سے کام کرنا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کے مطابق قومی سلامتی ورکشاپ کے شرکا نے جنرل ہیڈ کوارٹرز(جی ایچ کیو )کا دورہ کیا ۔اس موقع پر شرکا کو سکیورٹی صورتحال سے متعلق درپیش چیلنجز پر بریفنگ دی گئی۔ دورہ کے موقع پر شرکا نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی جبکہ سپہ سالار نے قومی سلامتی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ قومی ردعمل کی ضرورت پر زور دیا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ نیشنل سکیورٹی ورکشاپ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کی سالانہ تقریب ہے جس میں پارلیمنٹرینز سمیت معاشرے کے تمام طبقات کے نمائندے شرکت کرتے ہیں۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ اپنی قوم کی ترقی، خوشحالی کے لیے دل و جان سے کام کرنا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے جبکہ پاکستان دہشتگردی کے خلاف جنگ سے پرعزم اور مضبوط قوم بن کر ابھرا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک فوج آپریشنل تیاریوں کو برقرار رکھنے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے اور ملکی سلامتی کو درپیش تمام خطرات کے خلاف ہمہ وقت تیار ہے۔
قوم کی ترقی وخوشحالی کیلئے کام کرنا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے،آرمی چیف
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔