اسلام آباد (آئی پی ایس )سی ڈی اے کی وفاقی دارالحکومت سے تجاوزات کے خاتمے کے لئے جاری خصوصی مہم کے دوران متعدد گھروں کے سامنے سے تجاوزات ختم۔ سی ڈی اے کے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے منگل کے روز سیکٹر I-8 اور F-7 میں رہائشی گھروں کے باہر غیر قانونی تجاوزات کے خلاف بھر پور کارروائیاں عمل میں لائی۔تفصیلات کے مطابق سی ڈی اے انتظامیہ کی ہدایت پر انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے محکمہ انوائرنمنٹ اور بلڈنگ کنٹرول کے عملے کے ہمراہ اسلام آباد میں گھروں کے باہر تجاوزات کو ختم کرنے لئے خصوصی مہم شروع کی ہوئی ہے۔ اس مہم کے دوران ابتدائی طور پر سیکٹر I-8/3 میں 21 گھروں کے باہر سے 11 لوہے کے جنگلے، 5 کار شیڈز اور 6 سیکیورٹی کیبنز بھاری مشینری کی مدد سے مسمار کئے گئے۔ اسی طرح ایک اور کارروائی کے دوران میں مارگلہ روڈ سیکٹر F-7/3 میں ایک رہا ئشی گھر کے باہر سرکاری اراضی پر بنائی گئی غیر قانونی روڈ، جنگلے اور سیڑھیوں کو بھاری مشینری کی مدد سے توڑا گیا۔اس موقع پر سی ڈی اے عملے کی معاونت کے لئے ضلعی انتظامیہ کے افسران اور اسلام آباد پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات کی گئی تھی۔ یاد رہے کہ سی ڈی اے انتظامیہ نے متعدد بار اسلام آباد کے رہائشیوں کو خبردار کیا تھا کہ اپنے گھروں کے باہر سے غیر قانونی تجاوزات ازخود ختم کردیں تاہم عدم تعمیل کی وجہ سے خصوصی آپریشن کئے جا رہے ہیں۔
سی ڈی اے کا خصوصی مہم کے دوران متعدد گھروں کے سامنے سے تجاوزات کا خاتمہ
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔