Saturday, March 15, 2025
ہومکالم وبلاگزبلاگز‏ذرا ہمت کا مظاہرہ کریں

‏ذرا ہمت کا مظاہرہ کریں

تحریر: صابرحسین
@SabirHussain43
ہم تساہل کے باعث اپنے مقاصد حاصل نہیں کرسکتے ، نہ ہی آخرت کی تیاری کرتے ہیں اور نہ ہی دنیا بناتے ہیں زندگی میں ناکامی زنجیروں کی طرح پیروں کو جکڑ لیتی ہے ہم اور آپ جاگ رہے ہیں مگر بستر سے اٹھ نہیں رہے ہمیں جاگنا ہے اور مقصد حیات کے حصول کیلئے کام کرنا ہے دنیا میں دو چیزوں کے وقت کا پتہ نہیں چلتا ہے ایک یہ کہ رات کو نیند کب آئی دوسرا کسی قوم کا زوال کب شروع ہوا یہ اس قوم کو پتہ نہیں چلتا البتہ اس کے نقصانات آئندہ نسلوں کو پہنچتے ہیں ہمارے زوال اور انحطاط بلکہ ہر معاملات تک میں الجھاؤ ہے منٹوں کے کام مہینوں میں بھی نہیں ہوتے اور ہم پریشان ہوکر رہ گئے ہیں
اپنی ذات کا جائزہ لیجیے ، پھر اپنے گھر کا ، پھر اپنے ادارے ، معاشرے ، بلدیاتی ، صوبائی اور وفاقی حکومت کا ، ہر سطح پر ہمیں اور آپ کو تساہل اور سست روی کا سامنا ہے یہ قومی بیماری زوال کی علامت نہیں تو اور کیا ہے ؟
یہ بیماری نشہ ہیروئن اور افیون سے کچھ کم نہیں ہے سونامی کا طوفان تو سمندر سے اٹھ کر ساحلی علاقوں کو تباہ کرتا ہے لیکن یہ سستی اور کاہلی کا سیلاب اور طوفان کسی دریا اور سمندر کا محتاج نہیں ہے یہ قوموں کے اندر ابھرتا ہے اور غیر محسوس طریقے سے پوری قوم کو لے ڈوبتا ہے
تساہل کی خطرناک علامات کیا ہیں ؟
اگر آپ تساہل کا شکار ہیں تو آپ کی شخصیت غیر منظم اور غیر مربوط ہو جاتی ہے اور اس کی واضح علامات یہ ہیں ، آپ اہم ، فوری اور ترجیحات کے معاملے میں تفریق نہیں کر سکتے بہت سے کام ایک ساتھ جمع ہو جاتے ہیں۔ اپنا وقت اور توانائی آپ آرام دہ اور آسان کاموں میں لگاتے ہیں ۔
جو لوگ سست روی کا شکار ہیں وہ عدم توجہی اور یکسوئی کی کمی کا شکار ہیں ، تساہل کے شکار لوگ بہت سارے معاملات اپنی یاداشت پر چھوڑ دیتے ہیں اور انہیں یاد کی بنیاد پر کرنے کی کوشش کرتے ہیں مگر حقیقت میں کاموں اور ذمے داریوں کو بھولنے کے عادی بن جاتے ہیں
زندگی میں کاموں کی ذمہ داریوں کی فہرست طویل تر ہوجاتی ہے جس پر عملدرآمد بظاہر ممکن نظر نہیں آتا ایسے میں کام کا بڑھتا ہوا دباؤ بے اختیاری اور بے بسی کا احساس پیدا کردیتا ہے ۔ وقت اور اس کے استعمال کے معاملے میں غیر حقیقت پسند ہونا اپنے معاملات اور منصوبوں کے حوالے سے غیر واضح ہونا ، اپنے اوقات کا صحیح استعمال نہ کرنا ، تاخیر سے آنا ، دفتر میں دیر تک بیٹھے رہنا ، گھر پر کام لے جانا اور پھر کچھ نہ کرنا ، گھر والوں کے ساتھ منصوبے بنانا اور پھر تھک جانا یا سو جانا یا پھر طبیعت خراب ہونے کا بہانہ بنا لینا ۔ اپنی عزتِ نفس کے معاملے میں سنجیدہ نہ ہونا اور دوسروں کو موقع دینا کہ وہ آپ کو نصیحت کرتے رہیں ، فیصلہ نہ کرنا اور غلطیوں کا خوف کرنا پھر اس خوف کے باعث آگے نہ بڑھنا ۔
نتیجتاً کاہل اور سست شخص معاشرے میں رہتے ہوئے اپنے آپ کو ملامت کرتا رہتا ہے یہ وہ خطرناک علامات ہیں جو آپ کی ملازمت ، کاروبار اور گھریلو زندگی میں آپ کی بقاء سکون اور ترقی میں حائل ہیں ان سے بچنے کی کوشش کیجیئے ، انہیں کم کرنے کی کوشش کیجئے یا پھر ان کا علاج کریں آپ کی بقاء ترقی اور کامیابی کیلئے اس کا علاج ضروری ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔