راولپنڈی(آئی پی ایس )پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان ایک روز سہ فریقی سیریز کی ٹرافی کی تقریب رونمائی ہفتہ کے روز راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کی گئی، جہاں تینوں کیپٹنز نے ٹرافی کے پاس کھڑے ہو کر سیریز کے آغاز کی نوید سنائی ۔ایک روزہ سہ فریقی سیریز کا باقاعدہ آغاز اتوار کو روالپنڈی کرکٹ اسٹیڈم میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان میچ سے ہوگا۔تقریب رونمائی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ قومی ٹیم کی تمام تر توجہ ورلڈ کپ کی تیاریوں اور مثبت کرکٹ پر مرکوز ہے اور ٹیم 400 رنز کا ہدف حاصل کرنے کی بھی صلاحیت رکھتی ہے۔
دوسری جانب انگلش ٹیم کے کپتان ہیری بروک نے پاکستان کو کرکٹ کے لیے بہترین جگہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ 3 ملکی سیریز اور دو مضبوط ٹیموں کا مقابلہ کرنے کے لیے مکمل طور پر پرجوش ہیں۔قومی ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ متبادل کھلاڑی تیار رکھنے کا اصل مقصد ضرورت کے وقت بہترین آپشنز کا دستیاب ہونا ہے۔ٹورنامنٹ میں جب بھی کھلاڑیوں کو موقع ملا انہوں نے شاندار پرفارمنس دی ہے، جبکہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں بھی کھلاڑی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر چکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کی پرفارمنس میں مسلسل بہتری آ رہی ہے اور ٹیم کو ان سے مزید اچھی کارکردگی کی توقع ہے۔ورلڈ کپ کی تیاریوں کے مطابق کھلاڑیوں کو مسلسل مواقع دینے اور وکٹوں کے استعمال کی منصوبہ بندی پر خاص توجہ دی جا رہی ہے تاکہ ٹیم کو میگا ایونٹ کے لیے بہترین انداز میں تیار کیا جا سکے۔شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ میں دبا ہمیشہ رہتا ہے، لیکن ہماری تمام تر توجہ صرف اور صرف اپنے کھیل پر ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ہمیں غیر ضروری دبا لینے کے بجائے بنیادی کرکٹ کھیلنی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ سادہ اور مثبت کرکٹ کھیل کر میچ جیتیں اور بہترین کھیل پیش کر کے پاکستان کو کامیابی دلائیں تاکہ ملک کو خوشیاں دی جا سکیں۔پاکستانی کھلاڑی مضبوط کردار کے مالک ہیں اور ان کی شاندار کارکردگی سب کے سامنے ہے۔شاہین آفریدی نے بیٹنگ لائن پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ٹیم کے پاس انتہائی تجربہ کار بیٹنگ آرڈر موجود ہے۔
ہماری بیٹنگ وکٹ اور میچ کی صورتحال کے مطابق کھیلے گی اور حریف ٹیم و وکٹ کی ڈیمانڈ کے مطابق حکمت عملی اپنائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ وکٹ کی صورتحال کے مطابق 300 رنز بھی بنا سکتے ہیں اور یہ ٹیم 400 رنز کا ہدف بھی حاصل کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ انگلینڈ میں بھی اچھے رنز بنانے کی کوشش کی گئی اور ٹیم کے کپتان کو اپنی ذمہ داری اور ٹیم میں اپنا کردار اچھی طرح معلوم ہے۔
انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان ہیری بروک نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کھیلنے کے لیے ایک انتہائی اچھی اور شاندار جگہ ہے۔انہوں نے کہا کہ 3 ملکی سیریز میں پاکستان اور سری لنکا جیسی دو بہترین اور مضبوط ٹیموں کے درمیان زبردست مقابلہ ہوگا اور ہمیں پاکستان کی کنڈیشنز کا مکمل اندازہ ہے۔ہیری بروک کے مطابق پاکستان میں کرکٹ کھیلنا چیلنجنگ ہوتا ہے لیکن ہم ایسی ٹیم بننا چاہتے ہیں جو کسی بھی ہدف کا تعاقب کر سکے اور وہ انگلینڈ کے لیے زیادہ سے زیادہ کرکٹ کھیلنا چاہتے ہیں۔
انگلش کپتان نے اپنے ماضی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان سپر لیگ یعنی پی ایس ایل میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کر چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں نے 22 سال کی عمر میں پی ایس ایل کھیلی تھی، جس سے انہیں انٹرنیشنل کرکٹ میں بہت زیادہ مدد ملی۔ ہیری بروک نے کہا کہ وہ پاکستان کی کنڈیشنز اور یہاں کے کھلاڑیوں کو بہت اچھی طرح جانتے ہیں، اسی لیے پاکستان میں کرکٹ کھیلتے ہوئے انہیں زیادہ اعتماد محسوس ہوتا ہے اور انگلش ٹیم اس سیریز کے لیے مکمل طور پر تیار اور پرجوش ہے۔
